ن لیگ کو کانٹوں کا تاج اپنے سر سجانے کا شوق نہیں

ن لیگ کو کانٹوں کا تاج اپنے سر سجانے کا شوق نہیں

ن لیگ کو کانٹوں کا تاج اپنے سر سجانے کا شوق نہیں، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین پہل کریں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر مرکزی حکومت بنا لیں: سعد رفیق

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی تشکیل مسلم لیگ ن کی نہیں پارلیمان میں موجود تمام جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’موجودہ قومی اسمبلی میں کسی کو قطعی اکثریت حاصل نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین پہل کریں، پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر مرکزی حکومت بنا لیں، ہم مبارکباد پیش کریں گے۔

’مسلم لیگ ن کو کانٹوں کا یہ تاج اپنے سر پر سجانے کا کوئی شوق نہیں۔‘

خیال رہے کہ الیکشن کے اگلے روز یعنی نو فروری کو ن لیگ کے سربراہ نواز شریف کی جانب سے لاہور میں ایک تقریر میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ن لیگ وفاق میں حکومت بنانے کے لیے دیگر جماعتوں سے رابطے کرے گی، جبکہ دو روز قبل چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر شہباز شریف اور آصف زرداری سمیت دیگر جماعتوں کی سربراہان کی موجودگی میں وفاق میں مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اس سے قبل ایک پریس کانفرنس میں یہ کہا گیا تھا کہ پیپلز پارٹی ن لیگ کے وزیرِ اعظم کے امیدوار کو ووٹ دے گی لیکن کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی۔

اس سے قبل اج ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف کی جانب سے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ’خدا کرے مسلم لیگ ن یہ فیصلہ کر لے کہ جس کو مرکز میں اکثریت دلائی گئی اسی جماعت کو حکومت بنانے کا موقع دیا جائے، اس سے ملک میں انتشار پیدا کرنے کی منصوبہ بندی ناکام ہو سکتی ہے۔‘

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے بھی دو روز قبل یہ اعلان کیا گیا تھا کہ وہ مرکز اور پنجاب میں حکومت بنا لیں گے اور گذشتہ روز ان کی جانب سے پنجاب اور مرکز میں وزیرِاعلیٰ اور وزیرِ اعظم کے ناموں کے لیے بھی امیدوار نامزد کر دیے گئے تھے۔

تاہم آج پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *