آصف زرداری نے مجھے قتل کرانے کے لیے دہشت گرد تنظیم پر پیسہ لگایا ہے: عمران خان کا الزام
سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے اُنھیں قتل کرانے کے لیے ایک دہشت گرد تنظیم پر پیسا لگایا ہوا ہے جس میں ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں۔ تاہم پاکستان پیپلز پارٹی نے اس الزام کی تردید جاری کی ہے۔
لاہور میں وڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’جب پہلی بار ہماری حکومت ہٹائی گئی تو مجھے پتا چلا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش کی گئی ہے اور میں نے ان چار لوگوں کے نام بتا کر ویڈیو بنا دی اور کہا کہ اگر قتل کیا گیا تو اس میں وہ چار لوگ ملوث ہوں گے مگر وہ اپنے منصوبے سے پیچھے ہٹ گئے۔‘
انھوں نے کہا کہ پھر ان لوگوں نے پلان بی بنایا اور ایک مذہبی انتہاپسند کے ذریعے مجھے قتل کرانے کی کوشش کی جس کا مجھے پتا چلا تو میں نے اپنے جلسوں میں بھی اس کا ذکر کیا۔
عمران خان نے کہا کہ اب پلان سی بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہیں، جس نے کرپشن کا پیسہ ایک دہشت گرد تنظیم پر لگایا جس میں ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں اور تین اطراف سے یہ فیصلہ ہوا ہے جنھوں نے اگلی واردات کرنی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں قوم کو اس لیے بتا رہا ہوں کیونکہ جو پہلے چار نام دیے تھے ان کے ساتھ آصف زرداری کا نام بھی آئے گا۔ عمران خان کے مطابق جیسے ہی میں ٹھیک ہوں گا تو الیکشن مہم کے لیے نکلوں گا مگر مجھے کچھ ہوا تو قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ اس میں کون ملوث ہیں۔
عمران خانے یہ بھی کہا تھا کہ ’اگر مجھے کسی نے قتل کردیا تو یہ لوگ کہیں گے کہ کسی مذہبی جنونی نے کیا ہے کیونکہ میں نے توہینِ مذہب کی ہے، مگر میں نے ایک ٹیپ بنا کر رکھی ہوئی ہے اور جس وقت مجھے کچھ ہوا تو وہ ٹیپ آجائے گی اور ان چار لوگوں کے نام قوم کے سامنے آئیں گے جنہوں نے بند کمروں میں یہ فیصلہ کیا۔‘
عمران خان خود دہشت گردوں کے حامی اور طرف دار رہے ہیں: پاکستان پیپلز پارٹی
رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے عمران خان کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری پر الزام تراشی کر کے عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق عمران خان خود دہشت گردوں کے حامی اور طرف دار رہے ہیں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آصف علی زرداری پر جھوٹے الزامات لگا کر وہ حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے سے عمران خان مردہ سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔