کراچی کنگز بمقابلہ ملتان سلطانز، پی ایس ایل 6 بابر اعظم کی 90 رنز کی ناقابلِ تسخیر اننگز کی بدولت کراچی کنگز کی ملتان سلطانز پر باآسانی فتح
اکستان سپرلیگ کے چھٹے ایڈیشن کا نواں میچ دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں بابر اعظم کی 90 رنز کی ناقابلِ تسخیر اننگز کی بدولت کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
روایت کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور اس کے ساتھ ہی اس ٹورنامنٹ میں اس روایت کو بھی قائم رکھا کہ جو ٹیم پہلے بولنگ کرے وہی فاتح ہوتی ہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے جیمز ونس نے 45 اور محمد رضوان نے 43 رنز سکور کیے جبکہ ارشد اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کراچی کنگز کے اوپنرز کے مثبت آغاز کے بعد انھیں پہلی کامیابی شاہنواز دھانی کے ذریعے حاصل ہوئی جنھوں نے شرجیل خان کو آؤٹ کیا۔
تاہم ان کے جاتے ہی انگلش وکٹ کیپر بیٹسمین جو کلارک اور بابر اعظم کے درمیان 97 رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی جس نے کراچی کنگز کو ہدف کے بہت قریب پہنچا دیا۔ بابر اعظم نے 60 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 90 رنز کی اننگز کھیل کر کراچی کی فتح یقینی بنا دی۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں کراچی کنگز دو میچ کھیل چکی ہے جس میں اس نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کے خلاف لیگ کے افتتاحی میچ میں سات وکٹس سے کامیابی حاصل کی تھی۔
کراچی کنگز نے اپنا دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلا تھا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ پانچ وکٹوں سے فاتح قرار پائی تھی۔
ملتان سلطانز نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں جس میں اسے دو میں ناکامی جبکہ ایک کامیابی حاصل ہوئی۔ ملتان سلطانز کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی سے ہار کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انھوں نے لاہور قلندرز کے خلاف گذشتہ روز کے میچ میں سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان عماد وسیم کے علاوہ بابر اعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈین کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور احسن اقبال شامل ہیں۔
جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان کے ساتھ کرس لین، جیمز وینس، صہیب مقصود، رائلی روسو، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل خان، عثمان قادر اور شاہنواز دھانی کھیل رہے ہیں