پی ٹی آئی رہنماؤں کی ہراساں کیے جانے کی شکایات کاغذات

پی ٹی آئی رہنماؤں کی ہراساں کیے جانے کی شکایات کاغذات

پی ٹی آئی رہنماؤں کی ہراساں کیے جانے کی شکایات کاغذات نامزدگی جمع کروائے تو وہاں لے جائیں گے جہاں جانے والے نامعلوم کہلاتے ہیں

’آج میرے گھر اور دفتر میں تین گاڑیوں پر کچھ لوگ آئے۔ مجھے پیغام دیا گیا کہ مجھے اپنے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروانے چاہیں اور اگر میں نے ایسا نہیں کیا تو وہ مجھے کہیں اٹھا کر لے جائیں گے۔ میں پہلے ہی گھر میں نظر بند ہوں۔ جن لوگوں نے مجھے پیغام رسانوں کے ذریعے پیغام پہنچایا ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ مجھے صرف جیل میں نہیں ڈالیں گے بلکہ وہاں لے جائیں گے جہاں جانے والے نامعلوم کہلاتے ہیں۔‘

یہ دعویٰ ہے پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر نگراں وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر کے لیے چھوڑے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کیا یہ آزاد الیکشن ہے، کیا یہ آزاد پاکستان ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدام اٹھائیں کہ میں آزاد پاکستانی کی طرح آزادنہ طور پر الیکشن لڑ سکوں۔‘

گذشتہ چند دنوں کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جانے کے سلسلے میں مشکلات اور رکاوٹوں سے متعلق دعوے اور الزامات سامنے آ رہے ہیں۔

ایسا ہی ایک دعویٰ پنجاب کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 77 سے تحریک انصاف کے امیدوار اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے بھی کیا ہے۔

ان کے مطابق ’میرے وکلا کاغذات نامزدگی لے کر ریٹرننگ آفیسر کے دفتر گئے تو وہاں موجود پولیس نے انھیں اندر ہی نہیں جانے دیا۔ ہمارے وکلا، تجویز کنندگان و تائید کنندگان کو عمارت تک میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔‘

میاں طارق محمود نے کہا کہ ’ہمیں کاغذات نامزدگی تو داخل کروانے دیے جائیں، یہ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔ میری عدلیہ اور الیکشن کمیشن سے اپیل ہے کہ ہمیں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا حق دیا جائے۔‘

پنجاب کے بہت سے حلقوں میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں کاغذات نامزدگی کے حصول میں مشکلات درپیش آئیں اور اگر وہ انھیں حاصل کرنے میں کامیاب بھی رہے ہیں تو ان سے کاغذات چھین لیے گئے۔

گذشتہ دنوں سیالکوٹ سے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی والدہ نے بھی سوشل میڈیا پر اسی طرح کا دعویٰ کیا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ اُن کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول کے فوراً بعد ان کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا جس کے دوران انھیں ہراساں اور زدوکوب کیا گیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق پورے ملک بالخصوص پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف نو مئی کے واقعات کے تناظر میں مقدمات درج کیے گئے تھے، ان مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاریوں کےلیے پولیس ایک بار پھر متحرک ہے اور ان کی گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارنے جانے کے عمل میں تیزی آئی ہے۔

صرف ضلع گوجرانوالہ کی بات کی جائے تو پولیس نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے گوجرانوالہ کینٹ پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں تحریک انصاف کے 51 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کیے ہیں۔ گوجرانوالہ پولیس نے عدالت میں رواں ہفتے ہی ناقابل ضمانت وارنٹ کے حصول کی درخواست دی تھی۔ عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے 23 دسمبر (آج) کو رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

یاد رہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 24 دسمبر ہے۔

تصویر

’آپ کا کنڈکٹ ثابت کر رہا ہے کہ کوئی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں‘

تصویر

یاد رہے کہ اس معاملے کی بازگشت جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں بھی اس وقت سُنی گئی جب تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

سپریم کورٹ نے اس سے متعلق تحریک انصاف کی شکایت پر الیکشن کمیشن اور حکومت کو فوری ازالے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بظاہر تحریک انصاف کا لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام درست ہے۔

دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ عثمان ڈار کے گھر جو ہوا وہ اخبارات میں شائع ہوا ہے، ایک سیاسی جماعت کو کیوں دیوار سے لگایا جا رہا ہے؟

دورانِ سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف ایم پی او کے آرڈر کیوں نہیں رکوا پا رہا ہے؟‏

سپریم کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف کی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایات کے ساتھ کہا ہے کہ الیکشن کمیشن یقینی بنائے کہ تمام جماعتوں کو انتخابی عمل میں مساوی موقع ملے۔

شکایات پر ایکشن لیا جائے: الیکشن کمیشن

تصویر

سپریم کورٹ کے ان احکامات کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کا ایک وفد نے الیکشن کمیشن کا دورہ کیا اور چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کمیشن کو انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول میں مشکلات سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ میڈیا میں بعض امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے جیسے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ان واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنرز، چیف سیکرٹریز اور تمام آئی جیز پولیس کو کہا ہے کہ اس ضمن میں موصول ہونے والی تمام شکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

الیکشن کمیشن میں ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ تمام شکایات کا جائزہ لیا جائے گا اور انھیں حل کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *