محمد حنیف کا کالم جنرل باجوہ کا ڈنڈا اور ففتھ

محمد حنیف کا کالم جنرل باجوہ کا ڈنڈا اور ففتھ

محمد حنیف کا کالم جنرل باجوہ کا ڈنڈا اور ففتھ جنریشن وارفیئر کا انجام

بزرگوں نے سمجھایا تھا کہ بڑے لوگوں کو کبھی مشورہ نہ دینا، بغیر مانگے تو بالکل نہ دینا اور اگر کبھی مانگیں بھی تو مومنوں کی طرح تکا لگانا کہ وہ خود کیا چاہتے ہیں پھر ان کے دل کی خواہش کو گول مول کر کے اسے مشورے کی شکل دینا۔ انھیں ایسا لگے کہ بس ان کے دل کی بات آپ نے کر دی ہے۔

باجوہ برادری سے میری بچپن کی دوستیاں ہیں، ان کے ساتھ رہ کر بھی یہی سیکھا ہے کہ باجوہ چھوٹا ہو یا بڑا اسے مشورہ نہیں دینا چاہیے کیونکہ جو آپ مشورہ دیں گے وہ اس کا بالکل الٹ کرے گا۔

بزرگوں کی تعلیم اور اپنے ذاتی تجربے کے باوجود کوئی تین سال پہلے جنرل باجوہ کو مشورہ دے ڈالا۔

ان کی ایکسٹینشن ابھی اسلام آباد کی پارٹیوں میں افواہ سی تھی، بیچ منجھدار کے گھوڑے نہیں بدلا کرتے والے فلسفے ابھی بازار میں نہیں آئے تھے۔ میں نے فوج کی عقیدت اور جنرل باجوہ کی محبت میں مغلوب ہو کر ان ہی صفحات میں مشورہ دے ڈالا کہ جنرل باجوہ ایکسٹینشن نہ لیں، اپنا سپہ سالار والا ڈنڈا اپنے جانشین کے حوالے کریں، پھر اس اطمینان کے ساتھ گالف کھیلیں کہ یہ ڈنڈا ان کے بغیر بھی پوری آب و تاب کے ساتھ چلتا رہے گا۔

جنرل باجوہ نے اپنا ڈنڈا ابھی گھمایا بھی نہیں تھا کہ پارلیمنٹ میں ساری پارٹیوں نے یکجا ہو کر، ان کی ایکسٹینشن کی منظوری دے دی۔ ابھی تک بحث اتنی باقی ہے کہ یہ منظوری تیرہ منٹ میں دی گئی یا سترہ منٹ میں۔

جو سپہ سالار اپنے آپ کو خود ایکسٹینشن دیتے ہیں وہ امر ہو جاتے ہیں (ایوب، ضیا، مشرف نے کسی سے ایکسٹینشن مانگی؟) جو سیاسی حکمرانوں سے ایکسٹینشن لیتے ہیں (چاہے وہ ڈنڈے کے زور پر ہی لیں) ان کے ساتھ بےعزتی پروگرام شروع ہوا چاہتا ہے، والا ماحول بن جاتا ہے۔

باجوہ صاحب کی ایکسٹینشن کا زمانہ ففتھ جنریشن وار فیئر کے عروج کا زمانہ تھا۔ فوج کے بالغوں نے نوجوانوں کی ایک فوج اصلی فوج کے باہر بھرتی کرائی تھی جو ہر مخالف رائے رکھنے والے کو غدار، لفافے، پالتو جانور سے تشبیہ دے کر بات شروع کرتی تھی اور ماں بہن کی گالی پر ختم کرتے تھے۔

باجوہ، عمران

سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی اسی فوج کی کمان اب پتا نہیں کس کے ہاتھ میں ہے لیکن اس میں ایسی بغاوت پھیلی ہے کہ جن ناموں سے یہ کبھی حامد میر کو پکارا کرتے تھے اب وہی ناشائستہ اور بھدے الفاظ ہمارے سپہ سالار کے خلاف استعمال ہوتے ہیں۔

خدا ہی بہتر جانتا ہے کہ جنرل باجوہ نے عمران خان کو گھر بھیجنے کے لیے ڈنڈا گھمایا یا ڈنڈا ایک سائیڈ پر رکھ کر ٹانگیں میز پر پھیلائیں، انگڑائی لی اور کہا میں ذرا تھک گیا ہوں اب تم لوگ آپس میں ہی نمٹ لو۔

لیکن ان سے کسی نے یہ نہیں پوچھا کہ باقی تو ہم آپس میں نمٹ لیں گے لیکن یہ جو آپ نے ففتھ جنریشن والے تیار کیے تھے ان کا کیا کرنا ہے۔

وہ سینے پر ہاتھ مار کر کہتے ہیں کہ ان کو ہماری ٹکر کے پہلی دفعہ ملے ہیں اور ہماری اصلی اور وڈی فوج کی یہ حالت ہے کہ انھیں بتانا پڑتا ہے کہ ہمارے خفیہ ادارے کا فلاں سیکٹر کمانڈر تو اپنے سیکٹر میں تھا ہی نہیں تو اس پر الزام کیوں لگا رہے ہو اور الزام بھی ایسے کے جیسے سیکٹر کمانڈر اپنے ہاتھوں سے فون کالیں ریکارڈ کرنے والے آلے نصب کرتا ہو یا کسی کو اٹھانے کے لیے خود ویگو چلا کر جاتا ہو۔

پہلی دفعہ نہیں ہوا کہ فوج کے اپنے ہاتھوں سے تراشے ہوئے صنم خدائی کے دعوے کرنے لگے ہوں۔ ہمارے بچپن میں کوئی افغانستان میں مجاہدین بنائے تھے وہ ہمارے گلے پڑ گئے۔ ان سے جان چھڑانے کے لیے طالبان بنائے، ابھی تک ان کی داڑھیوں کو ادب سے ہاتھ لگا کر یاد کراتے ہیں کہ بھائی تمھارا ملک اُدھر ہے ہمارا اِدھر، کچھ خیال کرو۔ تحریکِ لبیک ایک شہری قوت کے طور پر تیار کی گئی اس نے ہمارے ہی جنرلوں اور ججوں کو کافر کافر کہنا شروع کر دیا۔

عمران خان کے حامی جن کے خون کا رنگ سبز تھا اور وہ دور سے فوجی وردی کی جھلک دیکھ کر سلیوٹ مارنے لگتے تھے اب ہر مخالف کو بوٹ پالشیا کہتے ہیں اور جنرل باجوہ کے لیے ایسی زبان استعمال کرتے ہیں کہ اس کو یہاں پر نقل کیا جائے تو شاید کوئی سیکٹر کمانڈر خود ہی ویگو چلا کر حساب کتاب کرنے آ جائے۔

وقت ہوا چاہتا ہے کہ باجوہ صاحب کرسی سے اٹھیں، دفتر کا چکر لگا کر دیکھیں کہ اپنا ڈنڈا کہاں رکھ کر بھول گئے تھے یا اعلان کر دیں کہ چونکہ پانچویں جنریشن وارفیئر میں تھوڑی گڑبڑ ہو گئی اس لیے اب ہم چھٹی اور ساتویں جنریشن والی جنگ شروع کیے دیتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *