عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کا کارکن کیا سوچ رہا ہے: ’ٹویٹ کرنا چھوڑا ہے حمایت نہیں
سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے بعد پشاور میں تحصیل چیئرمین کی نشست کے انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار کی جیت کو پی ٹی آئی کے حامی سوشل میڈیا پر پارٹی کی مقبولیت کے بیانیے کے طور پر استعمال کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
عموماً بلدیاتی سطح پر ہونے والے ضمنی انتخاب کو نہ تو کسی سیاسی پارٹی کی مقبولیت کا آئینہ دار قرار دیا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس کی بنیاد پر مستقبل میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے کوئی پیش گوئی کی جا سکتی ہے کیونکہ عمومی تاثر یہی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ووٹ بینک سے زیادہ انتخاب میں حصہ لینے والی شخصیات اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔
توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد اگرچہ پاکستان بھر میں کچھ لوگ نکلے ضرور اور کہیں گرفتاریاں بھی ہوئیں لیکن ان مظاہرین کی تعداد بہت کم تھی۔ تحریک انصاف کے ناقدین نے اسے پارٹی کی مقبولیت میں کمی کا مظہر قرار دیا۔ مگر کیا واقعی ایسا ہے؟
پی ٹی آئی کے حامی کہتے ہیں کہ ایک خاموش حمایت ہے جو اب بھی پی ٹی آئی کے لیے موجود ہے جو احتجاج اور دھرنوں میں تو نظر نہیں آتی لیکن ووٹ کی شکل میں ظاہر ہوئی ہے۔
تحریکِ انصاف کی حامی ایک خاتون نے بی بی سی کے سوال کے جواب میں پشاور میں بلدیاتی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’آپ نے دیکھا نہیں، دو روز قبل کیسے لوگوں نے پی ٹی آئی کے ایک عام ورکر کو ووٹ دیے اور وہ کتنی اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔ اور کیا ہوتی ہے محبت یا حمایت؟‘
پاکستان تحریک انصاف سنہ 2018 کے انتخابات میں مرکز اور صوبہ پنجاب میں بمشکل حکومت بنا پائی تھی تاہم خیبر پختونخوا میں انھیں اکثریت حاصل تھی۔ پی ٹی آئی واحد جماعت تھی جس نے خیبر پختونخوا میں مسلسل دوسری مرتبہ حکومت قائم کی تھی اوریہی وجہ ہے کہ خیبر پختونخوا کو پی ٹی آئی کا گڑھ کہا جانے لگا ہے۔
پشاور میں متھرا کی بلدیاتی نشست پر اس مرتبہ تحریک انصاف کے ایک ایسے کارکن کو ٹکٹ دیا گیا جس نے اپنی سیاست کا آغاز سن 2008 میں انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے کیا اور پھر وہ آئی ایس ایف کے صدر رہے اور اس کے بعد وہ انصاف یوتھ ونگ کے ساتھ وابستہ رہے اور یوتھ ونگ کی پشاور میں قیادت بھی کی۔
انعام خان نے بتایا کہ وہ بنی گالہ میں سکیورٹی کیمرہ انچارج رہے تھے اور اس کے بعد زمان پارک میں بھی وہ ڈیوٹی کرتے رہے ہیں۔
ان کے بقول انھیں ٹکٹ دینا ان پر تحریک انصاف کے قائدین کا اعتماد ظاہر کرتا ہے اور وہ ان کی توقعات پر پورا اترے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مشکل الیکشن تھا کیونکہ حکومت کی جانب سے ان پر سختیاں تھیں ’رہنما گرفتار تھے، کارکنوں کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی اگر کوئی باہر آتا تو اسے گرفتار کیا جاتا۔‘
ایسے میں ان کے لیے انتخابی مہم چلانا بڑا مشکل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب عمران خان اور پی ٹی آئی سے محبت کی وجہ سے ہوا ہے کیونکہ لوگوں کے دلوں میں عمران خان کی محبت قائم ہے اسے کوئی نہیں نکال سکتا۔‘
ریاستی دباؤ کا الٹا نتیجہ
نو مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریوں، بیشتر اہم رہنماؤں کی دیگر جماعتوں میں شمولیت یا سیاست کو ہی خیرباد کہہ دینے کے اعلانات دیکھ کرپی ٹی آئی کے مخالفین کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کے غبارے سے ہوا نکال دی گئی ہے۔‘
تاہم سینیئر صحافی عرفان خان کا کہنا ہے کہ ریاستی دباؤ اور جبر سے کسی بھی سیاسی جماعت کو کمزور نہیں کیا جا سکتا اور اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ ہی وہ سوچ ہے جو اس وقت کام کر رہی ہے۔
ان کے مطابق ’اس وقت پاکستان تحریک انصاف کا اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ لوگوں میں مقبول ہے جبکہ ماضی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا یہی اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ کامیاب رہا تھا۔
’پاکستان تحریک انصاف کے دور میں ضمنی انتخابات میں پی ایم ایل نوشہرہ سمیت دیگر علاقوں میں زیادہ نشستوں پر اسی لیے کامیاب ہوئی تھی کہ ان کا بیانیہ اس وقت بِک رہا تھا۔‘
عرفان خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے دورِ اقتدار کے آخری دنوں میں مقبولیت کھو رہی تھی لیکن ’جبر اور دباؤ کے واقعات نے اسے دوبارہ مقبولیت دے دی۔‘
پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں
نو مئی اور پانچ اگست کو عمران خان کی گرفتاریوں پر کارکنوں کی جانب سے ردِ عمل کے واضح فرق کو دیکھتے ہوئے یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا لوگ پی ٹی آئی کی حمایت سے پیچھے ہٹے ہیں یا انھوں نے سیاسی سرگرمیاں ہی چھوڑ دی ہیں۔
اس بارے میں ہم نے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور حامیوں سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور دیگر ادارے جتنی بھی سختیاں کر لیں عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی محبت ان کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور حامیوں کا کہنا تھا کہ خوف اتنا ہے کہ دو بندے گھر سے نہیں نکل سکتے۔ ہر وقت پولیس اور نامعلوم افراد کا خوف رہتا ہے۔
وہ کہتے ہیں انھیں اپنی پرواہ نہیں ہوتی لیکن وہ ’اپنی عزت اور گھر والوں کی وجہ سے باہر نہیں نکل سکتے مگر پی ٹی آئی کی حمایت وہ کرتے رہیں گے۔‘
ناہید (فرضی نام) ایک گھریلو خاتون ہیں۔ ان کا تعلق ایک ایسے شہر سے ہے جہاں خواتین گھروں سے کم ہی نکلتی ہیں لیکن وہ پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں اور ریلیوں میں شرکت کرتی رہی ہیں۔ وہ تحریک انصاف کی عہدیدار نہیں ہیں لیکن وہ پی ٹی آئی کی حمایت کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حالات انتہائی مشکل ہیں کہ گھر سے باہر نکلنا محال ہو گیا ہے۔ گھر والے بھی اب منع کرتے ہیں کہ باہر نہیں جانا، کسی قسم کی سرگرمی میں شرکت نہیں کرنی لیکن عمران خان اور پی ٹی آئی کی حمایت کرنا نہیں چھوڑ سکتی۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، کارکنوں اور یہاں تک کہ ان کی حمایت کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ گرفتار کیے گئے افراد کو ایک مقدمے سے اگر ضمانت ملتی ہے تو دوسرے مقدمے میں انھیں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
’ٹویٹ کرنا چھوڑا ہے حمایت نہیں‘
اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ایک طالبہ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کرتی ہیں اور وہ پہلے سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک تھیں۔
وہ پی ٹی آئی کی پالیسوں اور جماعت کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں پر اکثر ٹویٹ کیا کرتی تھیں۔ پھر ایک دو مرتبہ انھیں نا معلوم نمبروں سے فون کال موصول ہوئیں جن میں، بقول ان کے، ان سے کہا گیا کہ ’آئندہ ایسی ٹویٹ نہیں کرنا اور اس بارے میں خاموش رہو۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’اس کے بعد میں گھبرا گئی اور میں نے ٹویٹ کرنا ہی چھوڑ دیا، والدین نے بھی منع کیا کہ عورت ذات ہو، اگر خدانخواستہ پولیس گرفتار کر لے تو کیا کرو گی، کون بچانے آئے گا، اس لیے میں خاموش ہو گئی لیکن سیاسی وابستگی تو جماعت کے ساتھ ہے۔‘
پشاور یونیوسٹی کی سابق طالبہ جویریہ نے بتایا کہ ’یہ سب کو معلوم ہے کہ نو مئی کا واقعہ کیسے پیش آیا جب عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ ابھی مکمل ہوا نہیں تو انھیں گرفتار کر لیا گیا۔ تو کیا نو مئی کو یہ سب کو روک نہیں سکتے تھے اور یہ اب سب کو معلوم ہے کہ سارا کھیل بنایا گیا تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگوں نے پی ٹی آئی کی حمایت کرنا چھوڑ دی ہے ’لیکن ہاں لوگ محتاط ضرور ہو گئے ہیں اور پوسٹس بڑے احتیاط سے کر رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت جو حکومت ہے اس کا کوئی بھروسہ نہیں ہے کہ کب کس وقت کس کے گھر چھاپہ مار دیں، اس لیے لوگ اپنی بےعزتی سے ڈرتے ہیں۔‘
جویریہ کا کہنا تھا کہ ’اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی غیر مقبول ہو گئی ہے تو حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر انتخابات کرا دے اور اگر آزاد انتخابات ہوئے تو پی ٹی آئی ہی کامیاب ہو گی۔‘
’لیڈر شپ نہ ہونے کی وجہ سے کارکن نہیں نکلے‘
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اس مرتبہ گرفتاری پر کارکنوں اور عوام کے سڑکوں پر نہ نکلنے کی ایک وجہ قائدین کا رویہ بھی بتایا گیا ہے۔
جاوید (فرضی نام) کا تعلق تخت بھائی سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو وہ قائدین کے کہنے پر سڑکوں پر نکل آئے تھے لیکن وہاں جو کچھ ہوا وہ نا قابل برداشت تھا۔ ’وہ جو توڑ پھوڑ کی گئی اس کا ہم سے کوئی تعلق نہیں تھا اور ناں ہی ہم چاہتے تھے کہ اس طرح کی توڑ پھوڑ ہو۔ اس لیے ہم اس مرتبہ کسی احتجاج کے لیے نہیں نکلے۔‘
کچھ شہریوں نے کہا کہ 9 مئی کو قائدین تو گھروں میں رہے اور کارکنوں کو انھوں نے مشکل میں ڈال دیا تھا۔ اب کچھ قائدین تو گرفتار ہیں اور کچھ کے خلاف مقدمات درج ہیں اور لیکن کارکنوں کی بڑی تعداد گرفتار ہوئی اور اب انھیں کچہریوں کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔ والدین کی پریشانی الگ، اس لیے اس مرتبہ تو کسی کو گھر سے باہر نکلنے ہی نہیں دیا گیا۔
سینیئر صحافی اور ڈان ٹی وی کے بیورو چیف علی اکبر نے بتایا کہ اس مرتبہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے نہ نکلنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ اس طرح کے جلسے جلوسوں میں نکلنے سے آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہو سکتے ہیں یا گرفتاریاں ہو سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ ’جماعت کے بیشتر قائدین یا تو جماعت چھوڑ چکے ہیں یا وہ خود روپوش ہیں اس لیے وہ کارکنوں کو نہیں نکال سکے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’بڑے بڑے لیڈر اب جماعت میں نہیں تھے اس لیے کارکن بھی متحرک نہیں تھے اور لیڈر شپ نہ ہونے کی وجہ سے کارکن باہر نہیں نکلے۔‘
سیاسی کارکن اور قائدین کی مشکلات
عمران سالارزئی یونین کونسل حیات آباد کے چیئرمین ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ حالات جتنے بھی مشکل ہوں ہوں وہ اپنی کوشیش جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج کرنے پر انھیں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ چھ دن جیل میں رہے، پھر ضمات پر ان کی رہائی ہوئی۔ وہ اپنی جماعت کے لیے کام کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ بڑی تعداد میں کارکن ہیں لیکن ان کے بقول حکومت نے انھیں ان کے ’قانونی اور آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے‘۔
’ہمیں احتجاج کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی تو ایسے میں کارکنوں اور اپنے لوگوں کو کیسے خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جہاں تک جماعت کی حمایت اور مقبولیت کی بات ہے تو پشاور متھرا کے انتخابات میں سب نے دیکھ لیا ہے۔ حکومت جتنا دباؤ ڈال رہی ہے جماعت کی حمایت اور مقبولیت میں اتنا ہی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔‘