آج تو عوام کا دن ہے، آج تو فون نیٹ ورک نہ بند کرتے
اسلام آباد کے پولنگ سٹیشنوں پر ووٹروں کی قطاریں لگنا شروع ہو گئی ہیں جن میں بوڑھے، جوان، مرد اور خواتین سب شامل ہیں۔ تمام پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے لیے پولیس کے جوان تعینات ہیں جبکہ حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج بھی تعینات ہے مگر موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی ووٹرز کے لیے پریشان کن ثابت ہو رہی ہے۔
’آج الیکشن کا دن ہے۔ یہ عوام کا دن ہے۔ کم از کم آج کے دن تو فون نیٹ ورک بند نہ کرتے‘ یہ کہتے ہوئے اسلام آباد میں سیکٹر جی الیون کے ایک شہری ووٹ ڈالنے پولنگ بوتھ میں داخل ہوئے۔
جمعرات کی صبح ووٹنگ سے چند منٹ پہلے اچانک موبائل فونز کے سگنل غائب ہونا شروع ہوئے اور پھر وزارت داخلہ کا اعلان بھی سامنے آ گیا کہ تمام نیٹ ورکس عارضی طور پر بند رہیں گے۔
اسلام آباد کی ہی ایک اور ووٹر کومل کہتی ہیں کہ انہیں توقع تھی کہ ایسا ہی ہو گا۔ “میں تو کل شام سے سوشل میڈیا پر دیکھ رہی تھی کہ موبائل نیٹ ورک بند ہوں گے۔ میں تو صبح بالکل تیار تھی اس صورتحال کے لیے۔ مجھے توقع تھی کہ صبح چھے بجے ہی نیٹ ورک غائب ہوگا”۔
ایک اور ووٹر نے بتایا کہ الیکشن کے دن عوام کو سہولت فراہم کرنی چاہئیے۔ اسی پولنگ اسٹیشن پر موجود پیپلز پارٹی کی ایک پولیٹکل ایجنٹ نے کہا کہ نیٹ ورکس کی بندش کی وجہ سے وہ اپنے امیدواروں سے رابطہ نہیں کر پا رہے۔