گرینیڈ کی شکل والی مشتبہ ڈیوائس سیکس ٹوائے نکلا
جرمنی کی ریاست بویریا میں ایک مشتبہ ڈیوائس کی تحقیقات کے لیے جب دھماکہ خیز مواد کے ماہرین کو طلب کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ ایک سیکس ٹوائے یا جنسی کھلونا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرینیڈ کی شکل والی یہ ڈیوائس پیر کو ایک جنگل میں پلاسٹک کے بیگ میں پڑی ملی تھی جس کے ساتھ دیگر اشیا بھی تھیں۔
ایک خاتون کی جاگنگ کے دوران اس پر نظر پڑی اور انھوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر دھماکہ خیز مواد سے نمٹنے کے خصوصی یونٹ کو طلب کیا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق ماہرین کو جلد ہی اندازہ ہوگیا کہ یہ ایک ہنگامی صورتحال نہیں تھی۔
حکام نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ’بیگ میں موجود چیزوں کا معائنہ کرنے کے بعد آفسران نے جلد ہی یہ پتہ لگا لیا کہ یہ گرینیڈ کی شکل کی لیکن ربڑ کی ڈیوائس ہے۔‘
’بیگ کو خالی کیا گیا تو اس میں سے لُوبریکینٹ کی ایک ٹیوب، ایک ٹِن میں دو غیر استعمال شدہ کونڈوم اور ایک یو ایس بی کیبل ملی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن سرچ کرنے پر انھوں نے اس بات کی مزید تصدیق بھی کر لی کہ یہ ایک گرینیڈ کی شکل والا سیکس ٹوائے تھا۔
حکام کے مطابق یہ چیزیں اس مقام پر کچھ عرصے سے پڑی تھیں اور انھیں اب پھینک دیا گیا ہے۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ تو صرف تصور ہی کیا جا سکتا ہے کہ یہ چیزیں اس مقام تک کیسے پہنچی ہوں گی‘۔
جرمنی میں دوسری عالمی جنگ کے دوران نہ پھٹنے والا گولہ بارود آج بھی برآمد ہو جاتا ہے جسے ناکارہ بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انخلا کرنا پڑتا ہے۔