آئی سی سی رینکنگ بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے،سوشل میڈیا صارفین خوشی سے نہال
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نوجوان بلے باز بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے ہیں۔
بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے انٹرنیشنل کی رینکنگ میں پاکستان کے بلے باز بابر اعظم نے انڈیا کے وراٹ کوہلی کو پچھاڑتے ہوئے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ پانچ سال تک نمبر ون رہنے والے انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی 857 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے والے بابراعظم نے سیریز کے دوران مجموعی طور پر 28 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔ سیریز کے آغاز سے قبل ان کے اور ویراٹ کوہلی کے درمیان 20 پوائنٹس کا فرق تھا
ابراعظم کا ٹی ٹؤنٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرا اور ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹا نمبر ہے۔
بابر اعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ اس سے قبل ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بیٹسمین رہ چکے ہیں۔
محمد یوسف نے سنہ 2003 میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی بیٹنگ فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر انڈیا کے ویراٹ کوہلی، تیسرے نمبر پر بھی انڈین بلے باز روہت شرما، چوتھے نمبر پر کیوی بیٹسمین روز ٹیلز، جبکہ پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے ایرون فنچ براجمان ہیں۔
بابر اعظم نے بین الاقوامی ایک روزہ کرکٹ میں اپنے کرئیر کا آغاز 31 مئی سنہ 2015 میں لاہور میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے میچ سے کیا تھا۔ بابر اعظم نے اپنے پہلے ہی میچ میں 60 گیندوں پر 54 رنز بنائے تھے۔
بابر اعظم ‘فیب فور’ کا حصہ ہیں؟
تمام کھیلوں کے مداح کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے اور ان کے کھیل کو سراہنے کے لیے درجہ بندیوں اور موازنوں کا سہارا لیتے ہیں۔
فٹبال میں میسی اور رونالڈو میں سے بہتر کون، اس کے بارے میں بحث ایک عرصے تک جاری رہی اور شاید ان کے ریٹائر ہونے تک سر اٹھاتی رہے۔
ٹینس کی دنیا پر راجر فیڈرر اور رفائیل نڈال اور اب نوا ک جوکووچ چھائے رہے اور ایف ون میں میکا ہکینن اور مائیکل شوماکر کے کانٹے کے مقابلے آج بھی سب کو یاد ہیں۔
اسی طرح کرکٹ میں گذشتہ چند برسوں سے ایک خیالی فہرست یعنی ‘فیب فور’ ہے جس میں چار بلے باز شامل ہیں: یعنی وراٹ کوہلی، سٹیو سمتھ، کین ولیمسن اور جو روٹ۔
تاہم اب اکثر تجزیہ نگار اس بات پر مصر ہیں کہ بابر اعظم کی گذشتہ چند برسوں میں تسلسل کے ساتھ دی جانے والی کارکردگی اور ان کا بیٹنگ کا عمدہ انداز ان کی اس فہرست میں شمولیت کے لیے کافی ہے۔
پاکستان میں بابر اعظم کے مداحوں کی فہرست طویل ہے جس میں سوشل میڈیا صارفین، پاکستانی کرکٹ شائقین کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے ناصر حسین، آسٹریلیا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز رِکی پونٹنگ سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی خوشی
پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں ایک ایسا نام ہے جس کے راگ الاپنے کے لیے ویسے تو یہاں نوجوان مداحوں کو کوئی وجہ درکار نہیں ہوتی تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے رینکنگ سامنے آنے کے بعد تو کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی۔
ہادیل عبید نامی سوشل میڈیا صارف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’آج کی دن صرف بابر کی تصویر ہی سوشل میڈیا پر گھوم رہی ہے۔ بہت عرصے بات کوئی ہمارے ملک سے ٹاپ بیٹسمین بنا ہے، میرا نہیں خیال یہ ہوا ہوں، اس کا بھرپور لطف اٹھا رہی ہوں۔‘
جبکہ رضوان نامی صارف نے بابر اعظم کے ون ڈے انٹرنیشنل کے نمبر ون بلے باز بننے پر تبصرہ کیا’ خواب پورے ہوتے ہیں، آپ اپنی پوری کوشش کریں اور باقی اللہ پر چھوڑ دیں، بابر اعظم ہمارا سر فخر سے بلند کرنے کا شکریہ۔‘
سوشل میڈیا صارفین جہاں ایک جانب اپنی خوشی کا اظہار الفاظ سے کر رہے ہیں وہی وہ میمز بھی شیئر کر رہے ہیں جنھیں دیکھنے سے بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جہاں ایک طرف وہ بابر کے نمبر ون بلے باز بننے پر خوش ہی وہیں وہ انڈیا کے بلے باز ویراٹ کو پچھاڑنے پر زیادہ خوش ہیں۔
بابر علی نامی سوشل میڈیا صارف نے اپنی خوشی کا اظہار کچھ یوں کیا۔
جبکہ اس موقع پر عام صارفین کے ساتھ ساتھ ہمارے سیاستدان بھی اس خوشی کی خبر کو شئیر کرنے سے پیچھے نہیں رہے اور حکمران جماعت کے رہنما شہریار آفریدی نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’محنت، لگن اور جذبے کا پھل ضرور ملتا ہے۔ کوہلی کو ہٹا کر نمبر ون پوزیشن پر آنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ بابر اعظم ہمارا سر فخر سے بلند کرنے کا شکریہ۔