شاید 10 سال کھیل کر وہ عزت نہ ملتی جو آج مل رہی ہے فواد عالم
اظہر علی سے طے ہوا تھا جب بھی سنچری بنائی ارطغرل جیسا جشن منائینگے:مڈل آرڈر بلے باز
فواد عالم کا سنچری کے بعد جشن منانے کا منفرد انداز ہر کسی کو پسند آگیا۔ انہوں نے ترکی کے مشہور ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار کے انداز میں جشن منایا۔ مڈل آرڈر بلے باز نے اس ’سگنیچر سٹائل‘ کی وجہ بھی بتا دی۔ فواد عالم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں وہ اظہر علی کے ساتھ ارطغرل غازی دیکھ رہے تھے جس میں جب ارطغرل جشن منانے کے لیے گھوڑے کو زمین سے بلند کرتے ہیں تو اس وقت اظہر علی اور ان میں یہ طے ہوا کہ جب بھی سنچری ہوئی وہ اسی انداز میں ہی خوشی منائیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنائی تو انہوں نے یہی انداز اپنا کر جشن منایا جس کو سب نے سراہا اور اب ایک بار پھر سنچری سکور کرنے کے بعد اسی انداز کو اپنایا ۔
فواد عالم نے اعتراف کیا کہ یہ انداز اب ان کا ’سگنیچر‘ یعنی پہچان والا سٹائل بن گیا ہے ۔ فواد عالم کا مزید کہنا تھا کہ جب مجھے موقع نہیں ملا تھا تب بھی میں نے کسی سے شکوہ نہیں کیا ، میرا یقین تھا کہ جومیرے نصیب میں ہے وہ مجھے ضرور ملے گا ، اللہ کے گھر دیر ضرور ہے لیکن اندھیر نہیں، ہر چیز کے ملنے کا وقت مقرر ہوتا ہے ۔
فواد عالم کا مزید کہنا تھا کہ انہیں جو ملا اس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں ، کبھی یہ نہیں سوچتا کہ میرے 10 سال ضائع ہوگئے ہیں ، ہم کسی کو معاف کرنے والے کون ہوتے ہیں ، شاید 10 سال کھیل کریہ عزت نہیں مل پاتی جو آج مل رہی ہے ۔