سونی ورلڈ فوٹوگرافی ایوارڈز 2021 پیشہ ور فوٹوگرافرز، طلبا اور نوجوانوں کی سب سے مسحورکن تصاویر
وکٹورین دور کا لباس پہن کر روایتی برتن اٹھائے ہوئے نوجوان افریقی خاتون کی اس تصویر نے 2021 کے سونی ورلڈ فوٹوگرافی ایوارڈز میں نسوانی پورٹریٹ کے زمرے میں پہلا انعام حاصل کر لیا ہے۔
یہ تصویر زمبابوے سے تعلق رکھنے والی فوٹوگرافر تمارے کودیا نے کھینچی تھی اور اسے ایفریکن وکٹورین کا نام دیا گیا تھا۔
تمارے کا کہنا ہے کہ ان کی یہ تصویر تاریخ سے ناتا جوڑ کر آج کے دور میں جینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
مقابلے میں پیشہ ور فوٹوگرافرز کے علاوہ طلبا اور نوجوان فوٹوگرافرز کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر کو بھی مختلف زمروں میں انعام دیے گئے۔
سٹیلن بوش اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے کوئنریڈ ہائنز نے اپنی تصویر ینگ فارمرز کے لیے طلبا کی تصاویر کے زمرے میں پہلا انعام حاصل کیا۔
ان کی تصاویر کا موضوع جنوبی افریقہ میں نوجوان کسانوں کو زمین کی ملکیت کے معاملے میں درپیش مسائل اور اس معاملے پر ہونے والی بحث تھا۔
بہترین نوجوان فوٹوگرافر کا ایوارڈ انڈیا کے 19 سالہ فوٹوگرافر پبارن باسو کو دیا گیا جن کی تصویر کا عنوان ’نو اسکیپ فرام ریئلیٹی‘ یا حقیقت سے فرار ممکن نہیں تھا۔
دستاویزی زمرے میں مقابلہ اٹلی کے ویٹو فسکو نے جیتا جنھوں نے کینیا کے پائیریتھرم پھولوں کی تصاویر کھینچیں۔ یہ پھول قدرتی کیڑے مار دوا کے طور پر بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
لینڈ سکیپ فوٹوگرافی میں ایرانی فوٹوگرافر ماجد حجتی کے تصویر ’سائلنٹ نیبرہڈز‘ بہترین قرار دی گئی۔
کریگ ایسٹن کو شمالی انگلستان میں کمیونٹیز کی نمائندگی کے حوالے سے ان کے کام پر سال کا بہترین فوٹوگرافر قرار دیا گیا
کریگ نے مصنف اور دانشور عبدالعزیز حفیظ کے ساتھ مل کر شمالی انگلینڈ کی کمیونٹیز کی نمائندگی کا جائزہ لیا۔
2021 کے پیشہ وارانہ مقابلے کے چیئرمین مائیک ٹرو کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ تھے جو عموماً تصاویر کھنچوانا پسند نہیں کرتے لیکن کریگ نے ان کا اعتماد حاصل کیا اور وہ کیمرے کے سامنے کھل گئے اور ہمیں تصویر بنانے اور بنوانے والے کے درمیان ایک تعلق دکھائی دیا۔
ٹوماس ووسیلکا کا تعلق جمہوریہ چیک سے ہے اور انھوں نے تعمیرات کے شعبے میں پہلا انعام جیتا۔ ان کی تصویر ایک ایسے عسکری کمپلیکس کی تھی جسے اب جانوروں کے شمشان گھاٹ میں بدل دیا گیا ہے۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مارک ہملٹن گرچی کو ناسا کے بارے میں ان کی سیریز پر کریئیٹو کیٹیگری میں پہلا انعام ملا۔
اٹلی کی سیمون تارمونتے ماحولیات کے زمرے میں بہترین تصویر کھینچنے والی شخصیت قرار دی گئیں۔ ان کی تصویر آئس لینڈ میں توانائی کے قابلِ تجدید ذرائع کے بارے میں تھی۔
پورٹ فولیو کے زمرے میں برطانیہ کی لارا پینک فاتح قرار دی گئیں۔
کھیلوں کے زمرے میں بہترین تصویر کا انعام انس الخاربوطلی کو دیا گیا جن کی سیریز کا عنوان جنگ اور خوف کی جگہ کھیل اور موج مستی تھا۔
اس سیریز میں انس نے شام کے شہر حلب کے مضافات میں واقع ایک ایسے کراٹے کلب کو اپنا موضوع بنایا جو بچوں کو جنگ کے ہولناک اثرات سے باہر نکلنے میں مدد دے رہا ہے۔
ساکن زندگی کے زمرے میں بہترین فوٹوگرافر ہالینڈ کے پیٹر ایلویلڈ کو قرار دیا گیا۔
جنگلی حیات اور فطرت کے زمرے میں سپین کے لوئیس ٹاٹو کو مشرقی افریقہ میں ٹڈی دل کے حملے کے بارے میں سیریز پر انعام دیا گیا۔
تصاویر بشکریہ: سونی ورلڈ فوٹوگرافی ایوارڈز