راہل گاندھی کی لوک سبھا میں ’فلائینگ کس‘ پر انڈیا میں شور کیوں مچا ہے؟
رکن پارلیمنٹ کے طور پر بحال ہونے کے بعد راہل گاندھی نے بدھ کو پہلی بار لوک سبھا میں تقریر کی۔
مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر انھوں نے تقریر میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا حوالہ دیا اور منی پور کی صورتحال پر بات کی۔
راہل گاندھی کو راجستھان میں تین بجے جلسہ عام میں جانا تھا، اس لیے وہ اپنی تقریر ختم کر کے لوک سبھا سے نکل گئے۔
کہا جا رہا ہے کہ لوک سبھا سے نکلتے وقت راہل گاندھی نے مبینہ طور پر ‘فلائینگ کِس’ یعنی ہوا میں سے بوسہ دینے کا اشارہ دیا لیکن کیمرے کی آنکھ نے یہ منظر نہیں دکھایا اور اس کے بعد اس پر تنازع شروع ہو گیا۔
سمرتی ایرانی سمیت کئی بی جے پی ممبران پارلیمنٹ نے راہل گاندھی کو اس معاملے میں تنقید کا نشانہ بنایا اور انھیں خواتین مخالف قرار دیا۔ کئی خواتین ممبران پارلیمنٹ راہل گاندھی کے بچاؤ میں بھی آگئیں۔
راہل گاندھی کے لوک سبھا سے باہر جانے کے بعد مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے اپنی تقریر شروع کی۔
اس مبینہ فلائینگ کس پر انھوں نے کہا کہ ’جن لوگوں کو مجھ سے پہلے یہاں بولنے کا موقع ملا، آج انھوں نے توہین کی ہے۔ تقریر ختم کرنے کے بعد انھوں نے غیر مہذب عمل کیا ہے۔ انھوں نے پارلیمنٹ میں فلائینگ کس پھینکا جہاں خواتین بھی بیٹھی ہیں۔
’ایسا صرف ایک عورت مخالف شخص ہی کر سکتا ہے۔ ایسا توہین آمیز عمل اس ملک کے ایوان میں کبھی نہیں دیکھا گیا۔ یہ اس خاندان کی نشانیاں ہیں، ایوان اور پورے ملک نے دیکھا ہے۔‘
’اپوزیشن کو نفرت کے سوا کچھ نظر نہیں آتا‘
اس کے بعد 20 سے زائد خواتین ممبران پارلیمنٹ نے لوک سبھا کے سپیکر اوم برلا کو شکایت کا ایک خط پیش کیا، جس میں الزام لگایا گیا کہ ’راہل گاندھی نے ایک غیر مہذب رویہ اپنایا، جس سے نہ صرف ایوان کی خواتین ارکان کے وقار کو نقصان پہنچا، بلکہ بدنامی بھی ہوئی اور ایوان کے وقار میں بھی کمی آئی۔‘
حکمراں جماعت کی جن خواتین ارکان نے سپیکر سے شکایت کی ان میں متھرا سے رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی بھی شامل ہیں۔
لیکن ہیما مالنی نے میڈیا سے کہا کہ انھوں نے راہل گاندھی کو ایسا کرتے نہیں دیکھا۔
اس تنازعہ میں راہل گاندھی کی حمایت میں کئی خواتین ممبران پارلیمنٹ سامنے آئی ہیں۔
شیو سینا کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے راہل گاندھی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ جب راہل گاندھی ایوان میں بول رہے تھے تو تمام وزرا کھڑے ہوکر شور مچا رہے تھے۔
’راہل گاندھی نے تقریر کے بعد پیار سے ایسا کیا۔ آپ کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟ آپ نفرت کے اتنے عادی ہیں کہ محبت کی نشانی نہیں سمجھتے۔‘