رومانس فراڈ دھوکے باز عاشق نے خاتون سے ایک لاکھ

رومانس فراڈ دھوکے باز عاشق نے خاتون سے ایک لاکھ

رومانس فراڈ دھوکے باز عاشق نے خاتون سے ایک لاکھ 13 ہزار پاؤنڈز ہتھیا لیے

برطانیہ میں ایک خاتون کا کہنا ہے کہ وہ ڈیٹنگ سائٹ پر ایک دھوکے باز عاشق کے ہاتھوں ایک لاکھ تیرہ ہزار پاؤنڈ گنوانے کے بعد اب دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

ویسٹ مڈلینڈز سے تعلق رکھنے والی ریچل ایلویل کا کہنا ہے کہ اس دھوکے باز شخص نے انھیں بتایا کہ وہ اُس علاقے کے قریب ہی رہتا ہے جہاں ریچل کی رہائش ہے مگر آج کل ایک پراجیکٹ کے سلسلے میں یوکرین گیا ہوا ہے۔

اس شخص نے دستاویزات اور تصاویر کے ذریعے ریچل کو یقین دلایا کہ اسے کچھ مسائل کی وجہ سے رقم کی فوری ضرورت ہے اور پیسے نہ ہونے کے باعث وہ یوکرین میں پھنس کر رہ گیا ہے۔

50 سالہ ریچل ایلویل نے بتایا کہ اس شخص نے انھیں رقم کی واپسی کی کوئی ضمانت نہیں دی تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انھوں نے ایک ایسے شخص کو کیوں اتنی بڑی رقم دے دی جس سے وہ کبھی ملی تک نہیں تھیں تو ریچل کا کہنا تھا کہ جب اس شخص نے کہا کہ اس کی زندگی خطرے میں ہے۔

‘کیا آپ اس احساس کا تصور کر سکتے ہیں کہ کسی کی زندگی اور موت کا دارومدار آپ کے ہاتھ میں ہو؟’

ریچل نے بتایا کہ اس شخص نے انھیں بتایا تھا کہ وہ کینوک نامی علاقے کا رہائشی ہے۔ ’اس کی تصاویر اچھی لگ رہی تھیں۔ بظاہر ہماری پسند بھی ملتی جلتی تھی اور وہ ایک کھلا اور سچا انسان دکھائی دے رہا تھا۔‘

مگر یہ سب کچھ جھوٹ تھا

فراڈ

اس شخص نے ریچل سے کہا کہ انھیں آپس میں ملنے کے لیے کئی ہفتے انتظار کرنا ہو گا کیونکہ اس کا یوکرین میں رُکنا ضروری ہے۔ ریچل ایلویل نے بتایا کہ بعد میں اس نے فون پر کہا کہ کووڈ کی وجہ سے یوکرین میں قوانین تبدیل کر دیے گئے ہیں اور اب کسی بھی انجینیئرنگ پراجیکٹ پر کام شروع کرنے سے پہلے اسے ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔

ریچل نے بی بی سی کے ریڈیو ڈبلیو ایم پر اپنی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ پھر اس شخص کی جانب سے بتایا گیا کہ پراجیکٹ پر کام رُک گیا ہے اور انھیں یہ سب حقیقی لگا اور انھوں نے بعد میں کچھ ہچکچاہٹ کے ساتھ رقم بھیج دی۔

ریچل نے بتایا کہ انھیں ٹیکس اہلکار کی جانب سے بھیجا گیا ایک جعلی خط بھی دکھایا گیا جس میں لکھا ہوا تھا کہ ‘آپ کو ایک لاکھ ساٹھ ہزار ادا کرنے ہیں۔‘ اس شخص نے کہا کہ اس نے اپنی پینشن فنڈ سے رقم حاصل کی ہے، اس کے علاوہ اپنی گاڑی بیچ دی ہے اور کچھ قرضہ بھی لیا ہے اور اسے مزید مدد کی ضرورت ہے۔

‘میرا مطلب ہے کہ اس موقع پر میرے خیال میں وہ تقریباً 45 ہزار پاؤنڈ تھے جو میں نے اسے بھیجے تھے تاکہ ٹیکس بل ادا کرنے میں اس کی مدد ہو سکے۔’

ریچل نے مزید کہا کہ اس شخص نے انھیں بتایا کہ دو تگڑے افراد آئے انھیں پکڑ کر لے گئے اور انھیں ایک تہہ خانے میں قید کر دیا ہے۔ اس نے ریچل کو وہاں کی تصاویر بھی بھیجیں۔

اس کے بعد اس شخص نے ریچل کو بتایا کہ رقم ملنے کے بعد اسے آزاد کر دیا گیا ہے لیکن اس کا پاسپورٹ اس کے پاس نہیں ہے کیونکہ وہ اس سے لے لیا گیا تھا اور جب تک وہ قرضے کا سود ادا نہیں کرے گا اس کا پاسپورٹ اسے نہیں ملے گا۔

اس شخص نے ریچل سے کہا تھا کہ وہ 16 مارچ کو برطانیہ واپس آ رہا ہے اور ریچل اسی روز اسے لینے کے لیے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچیں تو انھیں کسی نام نہاد ایئرپورٹ اہلکار کی ایک ای میل موصول ہوئی کہ اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس کے بعد ریچل نے وہاں بارڈر فورس کے اہلکار سے بات کی تو اس نے کہا کہ ‘یہ دھوکہ دہی کا کیس لگتا ہے۔’

اس کے بعد ریچل نے اس شخص کی بیٹی اور گھر کی آیا سے ملنے کے لیے کوونٹری میں ان کے گھر کا رخ کیا تو معلوم ہوا کہ وہاں تو ایسے کوئی گھر ہی موجود نہیں ہے۔

‘یہ وہ موقع تھا جب مجھے یقین ہو گیا کہ وہ سب جھوٹ تھا۔’

ویسٹ مڈلینڈ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا ’ریچل ایلویل کا کیس رومانس فراڈ کی ایک واضح مثال ہے۔ ’ان کا کیس ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح یہ دھوکے باز لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کرتے ہیں۔‘

رومانس فراڈ ہے کیا؟

آن لائن
ایکشن فراڈ کا کہنا ہے کہ رومانس فراڈ کا نشانہ بننے والے افراد فوری طور پر اپنے بینک سے رابطہ کریں

ایکشن فراڈ نامی ادارے کے مطابق رومانس یا ڈیٹنگ فراڈ میں جرائم پیشہ افراد عام لوگوں کو یہ یقین دلا کر کے وہ ان کے ساتھ ایک حقیقی اور اصلی رشتے میں منسلک ہیں انھیں رقم بھیجنے پر آمادہ کر لیتے ہیں۔

لوگوں کو اس طرح کی دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کے لیے ادارے کا مشورہ ہے:

1: کسی بھی ایسے شخص کی جانب سے رقم منگوانے کی درخواست سے متعلق ہوشیار رہیے جس سے آپ کبھی نہ ملے ہوں یا حال ہی میں آن لائن رابطہ ہوا ہو۔

2: اپنے خاندان اور دوستوں سے اس بارے میں مشورہ کریں۔

3: ایسے افراد کی پروفائل فوٹو کے بارے میں ریورس امیچ سرچ ضرور کریں۔ ریورس امیچ سرچ کے ذریعے آپ معلوم کر سکتے ہیں کہ پروفائل پر موجود تصاویر کہاں سے حاصل کی گئی ہیں۔

ایکشن فراڈ کا کہنا ہے کہ رومانس فراڈ کا نشانہ بننے والے افراد فوری طور پر اپنے بینک اور ایکشن فراڈ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *