حیدرآباد میں خاتون کا ریپ پنڈت نے کہا کہ وہ کالا علم جانتا ہے، اس نے تنہا مندر میں بلایا اور میرا ریپ کر دیا
پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں ایک 35 سالہ خاتون نے ایک مندر کے پنڈت پر اسے ریپ کرنے کا مقدمہ درج کروایا ہے۔
متاثرہ خاتون نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ’میں پریشانی کا شکار تھی اور پنڈت نے کہا کہ وہ کالا علم جانتا ہے۔ اس نے تنہا مندر میں بلایا اور میرا ریپ کر دیا۔‘
حیدرآباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ بھی کروایا گیا ہے، ایس ایس پی حیدر آباد امجد شیخ نے بی بی سی کو بتایا کہ ابتدائی رپورٹ میں جنسی عمل کی تصدیق ہوئی ہے اور اس میں ریپ کے بھی علامات ملی ہیں۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے لڑکی کے کانوں سے سونے کی بالیاں بھی اتار لی تھیں جو بھی برآمد کی گئی ہیں جبکہ ملزم کہتا ہے کہ اس سے غلطی ہوگئی تھی۔
متاثرہ خاتون نے بی بی سی کو بتایا کہ عید الفطر کے دن وہ اپنی فیملی کے ساتھ حیدرآباد میں واقع زولوجیکل گارڈن رانی باغ گھومنے آئی تھیں جس کے بعد وہ اپنی فیملی کے ساتھ مندر گھومنے گئیں۔
متاثرہ خاتون کی سات سال پہلے شادی ہوئی تھی جس کے بعد ان کی طلاق ہو گئی تھی۔ اس شادی میں سے ان کا ایک بیٹا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ’میں مندر میں رو رہی تھی اور اپنے رشتے داروں سے کہہ رہی تھی کہ میرے مسئلے کب ختم ہوں گے تو اسی دوران ایک شخص ان کے پاس آیا اور کہا کہ اس کو کالا علم آتا ہے اور وہ میرے تمام مسائل حل کردے گا۔
خاتون کے مطابق ’اس شخص نے انھیں اگلے روز صبح آٹھ، نو بجے اس کے پاس اکیلے آنے کو کہا۔ جب میں نے پوچھا کہ اکیلی کیوں تو اس نے کہا کہ کالے علم میں اکیلا آنا ہوتا ہے۔‘
ان کی جانب سے دائر کی گئی ایف آئی آر کے مطابق ’24 اپریل کو اپنی والدہ کو بتا کر وہ صبح آٹھ بجے مندر کے لیے روانہ ہوئیں اور پونے نو بجے کے قریب مندر پہنچ گئیں جہاں پنڈت انھیں مندر سے ملحقہ سٹور روم میں لے گیا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’وہاں اس نےمجھے ہاتھ میں کوئی چیز دی اور چہرے پر پاؤڈر مارا جس سے مجھے چکر آنے لگے اور پھر اس نے میرا ریپ کیا اور اسی دوران جب وہ درد کی وجہ سے رونے لگی۔ اس نے دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو بیمار ہو کر ماری جاؤ گی۔‘
ایف آئی آر میں مدعی نے بتایا کہ وہ خوف میں آٹو رکشہ میں واپس گھر پہنچیں اور اپنی والدہ کو سارا قصہ بتایا جس کے بعد یہ ایف آئی آر کروائی ہے۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی اپنی ذاتی زندگی کی وجہ سے پریشان تھی اس واقعے نے تو اس کی زندگی اجیرن کردی ہے۔