کے ٹو: نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے دنیا کی دوسری سب سے بلند چوٹی سردیوں میں پہلی بار سر کر لی
کوہ پیمائی کا سب سے دشوار سمجھے جانے والا چیلنج تاریخ میں پہلی بار ہفتے کو پورا کر لیا گیا جب دس نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے ٹو کو موسم سرما میں سر کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
تین مختلف ٹیموں سے تعلق رکھنے والے دس نیپالی کوہ پیماؤں نے گذشتہ رات ایک بجے اپنے سفر شروع کیا اور ہفتے کی شام تقریباً پانچ بجے وہ 8611 میٹر کی بلندی پر واقع کے ٹو کی چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
سیون سمٹ ٹریکس، جن کے ایک سونا شرپا نامی کوہ پیما بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں، نے اس موقع پر ٹویٹ کر کے اس کارنامے کی تصدیق کی۔
اس موقع پر الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدری کا کہنا ہے کہ کے ٹو کو سردیوں میں فتح کرنے کی مہم جس کا آغاز دسمبر کے وسط میں ہوا تھا اپنے کامیاب اختتام کو پہنچ چکی ہے۔