کراچی ٹیسٹ کا چوتھا دن پچ بھی فلیٹ تھی

کراچی ٹیسٹ کا چوتھا دن پچ بھی فلیٹ تھی

کراچی ٹیسٹ کا چوتھا دن پچ بھی فلیٹ تھی لیکن پاکستانی فیلڈرز نے بھی بولرز کی مدد نہیں کی

نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان ٹیم نے دن کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنائے ہیں اور آج ایک خاصے سست دن کے کھیل کے بعد میچ کے ڈرا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

آج کے دن کا کھیل کین ولیمسن کی ڈبل سنچری کے باعث یادگار رہا لیکن ساتھ ہی ساتھ پورے دن کے کھیل میں پاکستان کی ناقص فیلڈنگ اس وقت سوشل میڈیا پر تبصروں کی بنیاد بنی ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 612 سکور کرتے ہوئے ڈکلیئر کر دی جب پاکستان پر اسے 174 رنز کی برتری حاصل تھی۔

پاکستانی سپنر ابرار احمد نے 67.5 اوورز میں 205 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

چوتھے روز کا آغاز پر نیوزی لینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 440 رنز بنائے تھے اور کین ولیمسن 105 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ ان کے ساتھ اش سودھی کھیل رہے تھے۔

سودھی 65 رنز بنانے کے بعد ابرار احمد کا شکار بنے جب مڈ آف پر ان کا کیچ کپتان بابر اعظم نے تھاما۔ انھوں نے ولیمسن کے ساتھ 154 رنز جوڑے جو اننگز کی دوسری سب سے بڑی شراکت رہی۔

صرف ایک رن کے اضافے کے بعد نعمان علی نے ٹِم ساؤدی کو پویلین بھیجا جو جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شان مسعود کے ہاتھوں صفر پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ابرار نے کچھ دیر بعد نیل ویگنر کو بھی آؤٹ کر دیا۔

ولیمسن

ولیمسن اور اعجاز پٹیل کے درمیان 15 رنز کی شراکت بنی۔ پھر جب ولیمسن کی ڈبل سنچری مکمل ہوئی تو چائے کے وقفے کے اعلان پر کپتان ساؤدی نے اننگز ڈکلیئر کر دی۔

کراچی کی وکٹ پر کیوی بلے بازوں کے سامنے پاکستانی بولرز حتیٰ کہ سپنرز بھی بے بس نظر آئے۔

ایک موقع پر تیسری نئی گیند ملنے کے بعد میر حمزہ کی گیند پر سودھی کے بلے سے ایج لگی مگر گیند چوتھی سلپ کی پوزیشن سے باؤنڈری لائن پار کر گئی کیونکہ وہاں کوئی فیلڈر نہ تھا۔

اس کے بعد ایک مزید ایج وکٹ کیپر سرفراز احمد کے گلووز میں گئی تاہم کسی نے اس پر اپیل نہ کی۔ بظاہر انھوں نے کوئی آواز نہیں سنی تھی۔

یہ سودھی کے لیے دوسری زندگی تھی کیونکہ اس سے قبل سرفراز نے ان کا کیچ نعمان کی لیگ سائیڈ سے باہر گیند پر ڈراپ کیا تھا۔

اس سے قبل تیسرے روز سرفراز نے ولیمسن کو سٹمپ کرنے کا موقع گنوایا تھا جب وہ 21 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

مجموعی طور پر سرفراز اور پاکستانی ٹیم کی جانب سے چوتھے روز دو جبکہ تیسرے روز ایک کاٹ بیہائنڈ کی اپیلز نظر انداز کی گئیں۔ اس کے علاوہ سرفراز نے دو سٹمپنگ اور ایک کیچ بھی چھوڑا۔

tweet

پاکستان کی جانب سے اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا لیکن 47 رنز کے سکور پر پہلے عبداللہ شفیق بریسویل کی بولنگ پر آؤٹ ہوئے جبکہ شان مسعود کچھ ہی دیر بعد صرف 10 رنز بنا کر اش سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

آج کے دن بھی پاکستان کے سپنرز نے متعدد اوورز کروائے تاہم پچ کے سلو ہونے کے باعث بیٹنگ قدرے آسان ہو گئی۔ نعمان اور ابرار نے مل کر 131 اوورز کروائے اور آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان میں پانچ ابرار اور تین نعمان نے حاصل کیں۔

tweet

مظہر ارشد نے لکھا کہ ’پچ تو فلیٹ تھی لیکن پاکستان کی فیلڈنگ نے بھی بولنگ کی مدد نہیں کی۔ انھوں نے اب تک وکٹ لینے کے سات مواقع گنوائے ہیں جن میں دو سٹمپنگز کے موقع ضائع ہوئے، دو ریویو نہیں لیے اور تین کیچ ڈراپ یا مس ہوئے۔‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *