پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح، دوسرا ٹی ٹوئنٹی آٹھ وکٹوں سے جیت لیا
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے اچھی بولنگ کے بعد فخز زمان اور اوپنر محمد رضوان کی نمایاں بلے بازی کی بدولت باآسانی بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔
میچ شروع ہوا تو پاکستانی بولز کی بولنگ نے بنگلہ دیش کو ایک سو آٹھ رنز سے آگے نہ بڑھنے دیا۔ اس آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو کپتان اور اوپنر بلے باز بابر اعظم صرف ایک ہی رن بنا کر تیسرے اوور میں مستفیض الرحمان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
بابر کے آوٹ ہونے کے بعد فخز زمان اور محمد رضوان نے نپی تلی بیٹگ کی اور پچاسی رنز کی بہترین شراکت میں پاکستان کو جیت کے قریب پہنچا دیا جس کے بعد محمد رضوان انتالیس رنز بنانے کے بعد سولہویں اوور میں آوٹ ہو گئے۔
فخز زمان نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ستاون رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
شاداب اور شاہین کی اچھی بولنگ
اس سے پہلے میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور سات وکٹ کے نقصان پر ایک سو آٹھ رنز بنائے۔
پچھلے میچ میں ریسٹ کروائے جانے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں اوپنر سیف الحسن کو آوٹ کیا۔ جب وسیم جونیئر نے بھی دوسرے اوور میں محمد نائم کو آوٹ کر دیا تودونوں بنگلہ دیشی اوپنر زیادہ سکور کیے بنا ہی پولین لوٹ گئے۔
نجم الحسن شانتو اور افیف حسین نے چھیالیس رنز کی شراکت کی جس کے بعد نویں اوور میں شاداب خان نے افیف کو بیس رنز بنانے کے بعد آوٹ کر دیا۔
نجم الحسن نے اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان محمود اللہ کے ساتھ ایک اور پارٹنر شپ کی اور سکور کو اناسی رنز تک پہنچایا لیکن اس کے بعد پہلے محمود اللہ حارث روف کی گیند پر وکٹ کے پیچھے رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے اور اگلے ہی اوور میں نجم الحسن کو شاداب خان نے آوٹ کر دیا جنہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے چالیس جب کہ محمود اللہ نے بارہ رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نپی تلی بالنگ نے باقی کھلاڑیوں کو جم کر نہیں کھیلنے دیا۔ مہدی حسن تین رنز اور نور الحسن گیارہ رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور شاداب خان نے دو دو جب کہ وسیم جونیئر، محمد نواز اور حارث روف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ٹیم مینیجمنٹ نے آج فاسٹ بولر حسن علی کو آرام کراتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کو کھلانے کا فیصلہ کیا جب کہ بنگلہ دیش نے کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پاکستانی ٹیم: بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، شعیب ملک، خوش دل شاہ، محمد نواز، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر۔
بنگلہ دیشی ٹیم: محمد نائم، سیف الحسن، نجم الحسین شانتو، محمود اللہ، افیف حسین، شریف السلام ، تسکین احمد، امین السلام، مہدی حسن، اور مستفیض الرحمان