محمد رضوان آئی سی سی ٹی 20 ’کرکٹر آف دی ایئر‘ قرا’زیادہ خوشی پاکستان کا نام آنے کی ہے
انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹسمین محمد رضوان کو ’ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر‘ یعنی سال 2021 کا سب سے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی قرار دیا ہے۔
انھوں نے محمد رضوان کے شاندار کھیل کی تعریف کی اور انھیں ایک بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ رضوان یقیناً سال 2021 میں اپنی کامیابیوں سے لطف اندوز ہوئے ہوں گے۔
محمد رضوان نے یہ ایوارڈ پاکستان اور پاکستان کے لوگوں کے نام کرتے ہوئے ٹویٹ کی ’الحمدو للہ۔ بس اللہ سے ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے نہیں ہوتا۔‘
انھوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ سب لوگوں کی حمایت اور محبت کے لیے شکر گزار ہیں اور ’انشااللہ یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے۔‘
یاد رہے اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی محمد رضوان کو وکٹ کیپر اوپنر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
سنہ 2021 محمد رضوان کے لیے یادگار ترین سال ثابت ہوا تھا، جس میں انھوں نے 29 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک سنچری اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 1326 رن بنائے تھے، جو گذشتہ سال کسی بھی بیٹسمین کے بنائے گئے سب سے زیادہ رن تھے۔
’زیادہ خوشی پاکستان کا نام آنے کی ہے‘
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انھیں’زیادہ خوشی پاکستان کا نام آنے کی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے خوشی اس چیز کی ہے کہ اس میں میرا پاکستان شامل ہو گا، کیونکہ یہ ایوراڈ پاکستان کو ملا ہے۔‘
رضوان نے اپنی اس کامیابی کا کریڈیٹ پاکستان ٹیم مینیجمنٹ کو دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس کام میں میرا ہاتھ بٹایا۔
اس کے علاوہ انھوں نے ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور میدان کے باہر ان کھلاڑیوں کو بھی کریڈٹ دیا جو رضوان کے مطابق پردے کے پیچھے رہتے ہوئے ’میرے لیے تجزیے اور میری مدد کرتے ہیں۔‘
انھوں نے اپنے لیے دعائیں کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’الحمدوللہ اس وقت پاکستان ٹیم پوری دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔‘
دوسری جانب آئی سی سی نے 20 سالہ پاکستانی بولر فاطمہ ثنا کو سال 2021 کی ابھرتی ہوئی کرکٹر قرار دیا ہے۔
اس سے قبل خواتین کی سال کی بہترین ٹیم میں بھی فاطمہ ثنا کو شامل کیا گیا ہے۔ فاطمہ ثنا نے سنہ 2021 میں 24 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایک فائیو فار (ایک میچ میں پانچ وکٹیں) شامل تھا۔
سال 2021 پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بہترین سال رہا ہے، خواہ ٹی ٹوئنٹی ہو، ون ڈے یا ٹیسٹ فارمیٹ آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹیمیں پاکستانی کھلاڑیوں کے بغیر پوری ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کے بعد ون ڈے ٹیم کے کپتان بھی ہوں گے جبکہ آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کے لیے پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
جمعرات کے روز آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کی سال کی بہترین ٹیم کا اعلان کیا گیا جس میں نہ تو کوئی آسٹریلوی یا انگلش کھلاڑی شامل ہے اور نہ ہی کوئی انڈین کھلاڑی اس ٹیم میں جگہ بنا سکا ہے۔ پاکستانی اوپنر فخر زمان بھی اس ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کی بہترین ٹیم کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس میں پاکستان کے تین کھلاڑی فواد عالم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی اور دنیا بھر میں کرکٹ کے مداح اس فیصلے سے انتہائی خوش ہیں اور رضوان کو مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
رضوان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
سردار اکرام اللہ نامی صارف نے لکھا ’محمد رضوان وہ ہیرا ہے جو عرصے تک کان میں جڑا رہا اور جب کسی نے نکال کر تراشا تو جگمگاہٹ ہر سو پھیل گئی۔ اس کی منکسر المزاجی نے یہ بھی ثابت کیا ہے وہ کتنے بڑے انسان ہیں۔‘
عثمان نے محمد رضوان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’آپ نے ثابت کردیا کہ بے پناہ تنقید اور پسند نا پسند کی بنیاد پر کئی عرصہ نظرانداز کئے جانے کے باوجود بھی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ آپ نے جس طرح مشکل حالات میں ٹیم میں جگہ بنائی اور اب آئی سی سی کا ایوارڈ بھی حاصل کر لیا،، یہ یقینا سب کے لیے مثال ہے۔ ویلڈن۔‘