بالی وڈ اداکارہ کاجول کو انڈین رہنماوں کی تعلیم سے

بالی وڈ اداکارہ کاجول کو انڈین رہنماوں کی تعلیم سے

بالی وڈ اداکارہ کاجول کو انڈین رہنماوں کی تعلیم سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا ٹرولنگ کا سامنا

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کاجول انڈین ’رہنماؤں کی تعلیم‘ کے متعلق اپنے ایک بیان کے سلسلے میں سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا شکار ہیں۔

ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اورمعاملے نے اس قدر طول پکڑ لیا کہ کاجول کو اپنے بیان کے متعلق وضاحت دینی پڑی۔

در اصل گذشتہ روز کاجول اپنے آنے والے شو ’دی ٹرائل‘ کے حوالے سے ایک میڈیا تنظیم سے بات کر رہی تھیں۔ اس دوران انھوں نے انڈیا کے مستقبل اور انڈین رہنماؤں کی تعلیم کے حوالے سے ایک بات کہی۔

ان کے اس بیان کے بعد ہی سوشل میڈیا پر گرما گرم مباحثے شروع ہوگئے۔ کچھ لوگوں نے انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تو ان کے کئی پرستاروں نے ان کی حمایت بھی کی۔

کاجول نے ایسا کیا کہہ دیا؟

کاجول
کاجول

کاجول نے میڈیا ادارے کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ تبدیلی کی رفتار خاص طور پر انڈیا جیسے ملک میں اس لیے بہت سست ہے کیونکہ ‘ہم ابھی تک اپنی روایات میں جکڑے ہوئے ہیں۔ اور اس کی ڈور ہماری تعلیم سے جڑی ہوئی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے پاس ایسے لیڈر ہیں جن کا تعلیمی پس منظر نہیں ہے۔ معاف کیجئے گا لیکن میں یہ ضرور کہوں گی کہ ہم پر حکمرانی کرنے والے بہت سے لیڈروں کے پاس وہ وژن نہیں ہے جو تعلیم سے حاصل ہوتا ہے۔ میرے خیال سے تعلیم کم از کم دوسرے نقطہ نظر کو دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔‘

ان کے اس بیان پر انھیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ایک حلقے سے انھیں ’سکول ڈراپ آوٹ‘ کہا گیا جبکہ بعض صارفین نے تو پوری فلم انڈسٹری کو ہی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

اس تمام شور شرابے کے بعد کاجول نے وضاحت دی اور ٹوئٹر پر لکھا کہ وہ تو صرف تعلیم کی اہمیت پر بات کر رہی تھیں۔

انھوں نے لکھا کہ ’میں تو تعلیم اور اس کی اہمیت کے بارے میں بات کر رہی تھی۔ میرا مقصد کسی لیڈر کو نیچا دکھانا نہیں تھا۔ ہمارے پاس کچھ عظیم رہنما ہیں جو ملک کو صحیح راستے پر لے جا رہے ہیں۔‘

چوتھی پاس راجہ کی گونج

دلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے رہنما کیجری وال نے گذشتہ مہینوں کے دوران قیادت کے تعلیم یافتہ ہونے پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انھوں نے کئی بار چوتھی پاس راجہ کی کہانی سنائی تھی جس میں انھوں نے نریندر مودی کا نام لیے بغیر ان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ان کی تعلیم پر سوال اٹھایا تھا۔

اس سے قبل عام آدمی پارٹی وزیر اعظم مودی کی ڈگری پر بھی سوال اٹھاتی رہی ہے اور اس معاملے میں انھیں تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے جبکہ وزیر اعظم کی ڈگری کو ان کی پارٹی کی جانب سے کئی موقعوں پر دکھایا گیا ہے۔

گذشتہ روز جب کاجول نے رہنماؤں کی تعلیم پر بات کی تو بہت سے لوگوں نے چوتھی پاس راجہ کا ذکر کیا جس نے کیجریوال کی کہانی کے مطابق اپنی کم علمی کی وجہ سے بہت نقصان پہنچایا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *