ایران کے صدارتی انتخاب ایران کے قدامت پسند جج کی

ایران کے صدارتی انتخاب ایران کے قدامت پسند جج کی

ایران کے صدارتی انتخاب ایران کے قدامت پسند جج کی صدارتی انتخاب میں فتح، عمران خان کی مبارکباد

ایران میں منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات میں جج ابراہیم رئیسی نے بھاری مارجن سے فتح حاصل کر لی ہے جس کے بعد سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک کے سربراہان کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ابراہیم رئیسی کے مقابلے میں تین اور امیدوار بھی ہیں، جنھیں وہ شکست دے کر برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ایران میں صدارتی انتخابات میں کئی امیدواروں کو حصہ لینے سے روکا بھی گیا ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے ابراہیم رئیسی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا کہ ’اسلامی جمہوریہ ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات میں تاریخی فتح سمیٹنے پر میں عزت مآب برادر ابراھیم رئیسی کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

’دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات میں مزید پختگی، علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کےحصول کے لیے میں ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں۔‘

ابراہیم رئیسی ایران کے منصف اعلیٰ کے منصب پر بھی فائز رہے ہیں اور ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بہت سخت گیر خیالات رکھتے ہیں۔

ابراہیم رئیسی پر امریکہ نے متعدد پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور ان پر ماضی میں سیاسی قیدیوں کی پھانسی دینے جیسے الزامات بھی عائد کیے جاتے ہیں۔

رہبر اعلیٰ کے بعد ایران میں صدر کا عہدہ ملک میں سب سے بڑا ہوتا ہے۔

اگرچہ صدر کا داخلہ اور خارجہ پالیسی پر گہرا اثر و رسوخ ہوتا ہے مگر سپریم لیڈر یعنی رہبر اعلی آیت اللہ خامنہ ای کی ہر ریاستی معاملے پر بات حرف آخر ہوتی ہے۔

ابراہیم رائیسی کون ہیں؟

ایران

ابراہیم رئیسی 60 برس کے ہیں اور وہ اپنے کرئیر میں زیادہ وقت پراسیکوٹر کے طور پر فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں۔ انھیں 2019 میں عدلیہ کا سربراہ منتخب کیا گیا۔ سنہ 2017 میں وہ صدر حسن روحانی سے بڑے مارجن سے ہار گئے تھے۔

بی بی سی فارسی کے مطابق ابراہیم رئیسی نے مارچ 2016 میں ایران کے سب سے امیر اور اہم ترین مذہبی ادارے امام رضا فاؤنڈیشن۔۔۔آستان قدس رضوی۔۔۔ کا انتظام سنبھال لیا۔ یہ ادارہ مشہد میں امام رضا کے مزار کی نگرانی کرتا ہے۔

یہ عہدہ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس ادارے کا بجٹ اربوں ڈالر کے برابر ہے اور یہ فاؤنڈیشن ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد میں اور تیل و گیس کمپنیوں اور کارخانوں میں آدھی اراضی کی مالک ہے۔

ایران میں متعدد لوگوں کے خیال میں اس منصب پر ان کی تقرری کا مطلب یہ ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای انھیں آئندہ انتخابات میں کامیاب کرانے کے بھی خواہشمند تھے۔

ابراہیم رئیسی اپنے آپ کو بدعنوانی کے خاتمے اور معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین انتخاب کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ تاہم متعدد ایرانی اور انسانی حقوق کے علمبردار ان کے 1980 کی دہائی میں سیاسی قیدیوں کے بڑے پیمانے پر قتل میں کردار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔

ایران نے کبھی بڑے پیمانے پر قتل کو تسلیم نہیں کیا ہے اور ابراہیم رئیسی نے بھی کبھی اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر کچھ نہیں کہا۔

ایران

ابراہیم رائیسی کی فتح کے ایران اور دیگر دنیا پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟

بی بی سی فارسی کی نامہ نگار قصرا ناجی کا کہنا ہے کہ ابراہیم رئیسی کے دور حکومت میں سخت گیر عناصر ایک خالص قسم کا اسلامی نظام نافذ کرنے کا مطالبہ کریں گے، جس کا مطلب یہ ہو گا کہ وہ مزید سماجی سرگرمیوں پر کنٹرول حاصل کر لیں گے اور ممکن ہے کہ ایسے میں خواتین کے لیے آزادی اور ملازمتوں کے مواقع مسدود ہو کر رہ جائیں گے اور سوشل میڈیا اور پریس پر بھی کنٹرول زیادہ ہو جائے گا۔

سخت گیر خیالات والوں کو مغرب شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ مگر ابراہیم رئیسی اور سپریم لیڈر خامنہ ای ایران کی جوہری پروگرام کے عالمی معاہدے میں واپسی کے خواہاں ہیں۔

سنہ 2015 میں ایران نے جس جامع حکمت عملی کے پلان پر دستخط کے ذریعے جوہری سرگرمیاں کرنے پر اتفاق کرنے پر ایران کو مغربی ممالک کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں میں ریلیف ملا تھا۔

امریکہ اس معاہدے سے 2018 میں نکل گیا تھا اور صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایک بار پھر ایران پر سخت پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

ان پابندیوں سے عام ایرانی کی زندگی پر سخت اثرات مرتب ہوئے، جس سے بڑے پیمانے پر عدم اطمینان جیسی کیفیت پیدا ہوئی۔

ایران نے ایک بار پھر جوہری سرگرمیوں کو رواں رکھنے کا اعلان کیا۔

صدر جو بائیڈن کے منتخب ہونے کے بعد ویانا میں امریکہ اور ایران کے درمیان ایک بار پھر اس معاہدے کی بحالی بات چیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ تاہم دونوں فریق ایک دوسرے کو پہل کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

ایران

کیا صدارتی انتخابات آزادانہ تھے؟

اس وقت ایران کے صدارتی انتخابات کی گنتی جاری ہے۔ ریاستی ٹی وی کے مطابق ابراہیم رئیسی نے ابھی تک 62 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ڈالے گئے تقریباً دو کروڑ 80 لاکھ ووٹوں میں ایک کروڑ 80 لاکھ ووٹ صرف ابرہیم رائیسی نے حاصل کیے ہیں۔ ان انتخابات میں تقریباً چھ کروڑ ووٹرز رائے حق دہی استعمال کرنے کےاہل تھے۔

ان انتخابات میں حصہ لینے کے لیے 600 خواہشمند سامنے آئے تھے، جن میں 40 خواتین بھی شامل ہیں۔

گارڈین کونسل میں شامل 12 جیورسٹس اور مذہبی زعما نے صرف سات امیدواروں کے نام ہی فائنل کیے ہیں۔

گارڈین کونسل ایک غیر منتخب ادارہ ہے جو امیدواروں کی اہلیت کا فیصلہ کرتا ہے۔ ان میں سے تین امیدواروں نے انتخابات سے قبل اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

اس طرح کے عمل کے بعد کچھ سیاسی مخالفین اور اصلاحات کے خواہشمندوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ ان صدارتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ 50 فیصد سے کم رہا ہے۔ یاد رہے کہ سنہ 2017 کے انتخابات میں ٹرن آؤٹ 73 فیصد تھا۔

بی بی سی فارسی کی نامہ نگار قصرا ناجی کا کہنا ہے کہ متعدد ایرانی ان انتخابات کو سخت گیر عناصر کی طرف سے طاقت حاصل کرنے کا ذریعہ سمجھتے ہیں جو بظاہر ماضی میں اپنی کارکردگی کی بدولت آزادانہ اور شفاف انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *