انڈیا نے کشمیری عسکریت پسند کمانڈر سید صلاح الدین کے بیٹوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں
انڈیا نے اپنے زیر انتظام جموں کشمیر میں عسکریت پسند گروپ حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے بیٹوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔
روزنامہ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی (این آئی اے) نے شاہد یوسف اور سید احمد شکیل کی سرینگر اور بڈگام اضلاع میں واقع جائیدادوں کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت ضبط کر لیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں اس وقت دلی کی تہاڑ جیل میں بالترتیب 2017 اور 2018 میں عسکریت پسند گروپ سے مبینہ طور پر فنڈ حاصل کرنے کے الزام میں قید ہیں۔
صلاح الدین 1993 میں پاکستان فرار ہو گئے تھے۔ اکتوبر 2020 میں انڈیا نے انھیں دہشت گرد قرار دیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حزب المجاہدین سمیت 13 عسکریت پسند تنظیموں پر مشتمل یونائیڈڈ جہاد کونسل کی کمان کرتے ہیں۔
یہ کارروائی این آئی اے کے اس کریک ڈاؤن کا حصہ ہے جو وہ جموں کشمیر میں مبینہ عسکریت پسندوں کی مالی امداد کرنے والوں کے خلاف کر رہی ہے۔