ابھینندن ورتمان انڈین پائلٹ کی ویڈیو نئی ہے یا پرانی؟
آپ کو گہرے سبز رنگ کی وردی میں ملبوس بڑی بڑی مونچھوں والے، چائے کی سرکیاں لیتے ابھینندن ورتمان تو یاد ہوں گے۔
دو سال قبل 27 فروری 2019 کو پاکستان کے شمالی علاقے بالاکوٹ کے گاؤں میں انڈین فضائیہ حملے پر پاکستانی فضائیہ کی جوابی کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی میں جس شخصیت کا ذکر ہر زبان زدِ عام رہا، وہ انڈین فضائیہ کے فائٹر پائلٹ وِنگ کمانڈر ابھینندن ورتمان ہی تو تھے۔
یاد رہے بالاکوٹ کے گاؤں جابہ پر انڈین طیاروں کی بمباری کے ایک دن بعد 27 فروری 2019 کو لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقے ہوڑاں میں پاکستانی فضائیہ نے انڈین جیٹ گرا کر فائٹر پائلٹ وِنگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ تاہم دو دن بعد انھیں رہا کر کے انڈیا کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
ان دو دنوں میں انڈیا پاکستان کے ایوانوں سے لے کر سڑکوں تک۔۔۔ بس ایک ہی شخص موضوعِ بحث تھا۔۔۔ اور آج اس حملے کو دو سال بیتنے کے بعد ایک بار پھر ہر طرف انہی کا چرچا ہے۔
اگر میری طرح آپ بھی سوچ رہے ہیں کہ اب ابھینندن نے اب کیا کر دیا تو آپ کو بتاتے چلیں کہ اس کی وجہ ان کی سوشل اور پاکستانی میڈیا پر منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو ہے۔
دو منٹ چھ سیکنڈ کی اس ویڈیو میں ابھینندن خاصی پرسکون حالت میں اپنی گرفتاری کا احوال بتانے کے علاوہ کشمیر کی صورتحال اور دونوں ملکوں کے درمیان امن قائم ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے سنائی دیتے ہیں۔
مذکورہ ویڈیو کے حوالے سے سوشل میڈیا پر متضاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ نئی ویڈیو ہے اور اسے پاکستانی افواج کی جانب سے آج کے دن کی مناسبت سے ریلیز کیا گیا ہے، جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ اس کا کچھ حصہ انھوں نے پہلے سے دیکھ رکھا ہے۔
اگرچہ ابھی تک پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اس ویڈیو کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم عسکری ذرائع سے رابطہ کرنے پر تصدیق کی گئی ہے کہ مذکورہ ویڈیو پرانی ہے اور دو سال قبل اس وقت ریکارڈ کی گئی تھی جب انڈین پائلٹ پاکستانی افواج کے زیِرِ حراست تھے۔
یاد رہے دو سال قبل اسی وردی میں اسی فریم کے ساتھ ان کی ایک ویڈیو ریلیز کی گئی تھی جس میں انھوں نے بتایا تھا کہ وہ ٹارگٹ ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے تھے جب پاکستانی فضائیہ نے ان کا جہاز گرا دیا اور انھیں اسے چھوڑ کر پیراشوٹ سے نیچے آنا پڑا تھا۔
اس وقت انھوں نے انڈین میڈیا کے متلعق کچھ ایسی باتیں بھی کیں تھیں جن کے باعث ان پر خاصی تنقید کی گئی تھی۔
اگر پرانی ویڈیوز سے اس ویڈیو کا موازنہ کریں اور ویڈیو فریم کا بغور جائزہ لیں تو بظاہر یہی نظر آتا ہے یہ اسی مقام پر اور شاید اسی وقت ریکارڈ کی گئی ہے جہاں دورانِ حراست ان کی پہلی ویڈیوز ریکارڈ کی گئی تھیں۔
ابھینندن ورتھمان کی ویڈیو میں ایسا کیا ہے؟
ویڈیو میں ابھینندن اسی وردی میں ملبوس ہیں جس میں انھیں دو سال قبل جاری کردہ ویڈیوز میں دیکھا گیا تھا۔۔۔ خاصی پرسکون حالت میں وہ اپنی گرفتاری کا احوال کچھ یوں بتا رہے ہیں:
’اوپر سے نیچے آتے وقت پیرا شوٹ میں، میں نے دونوں ملک دیکھے ہیں اور اوپر سے مجھے دونوں ملکوں میں کوئی فرق پتا نہیں چلا۔ دونوں ایک جیسے ہی خوبصورت ہیں اور جب میں نیچے گرا تو مجھے پتا بھی نہیں تھا کہ میں پاکستان میں ہوں یا اپنے دیس انڈیا میں ہوں کیونکہ مجھے دونوں ملک اور سارے لوگ ایک جیسے ہی لگے تھے۔‘
ابھینندن مزید کہتے ہیں ’مجھے کافی گہری چوٹ لگی تھی اور میں ہل نہیں پا رہا تھا۔ پھر میں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ میں کون سے ملک میں ہوں اور جب مجھے لگا کہ میں اپنے ملک میں نہیں گرا تو میں نے بھاگنے کی کوشش کی۔ اس وقت میرے پیچھے لوگ آئے جن کا جوش کافی زیادہ تھا اور وہ چاہتے تھے کہ مجھے پکڑ لیں۔‘
’اسی لمحے پاکستان کی فوج کے دو جوان آئے جن میں ایک کپٹین بھی تھے، انھوں نے مجھے پکڑ کر وہاں سے بچایا اور اپنے یونٹ تک لے کر گئے۔ یونٹ میں مجھے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال لے جایا گیا۔‘
ورتمان مزید بتاتے ہیں کہ ’ہسپتال میں معائنہ کرنے کے بعد سے مجھے یہاں رکھا گیا ہے جہاں میں آپ کی خاطر داری میں ہوں۔‘
اس ویڈیو میں ابھینندن کشمیر کی صورتحال کا ذکر بھی کرتے ہیں ’کشمریوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، وہ نہ آپ کو پتا ہے اور نہ مجھے پتا ہے، ہمیں تھوڑا شانتی (سکون) سے سوچنا چاہیے۔‘
اس کے بعد وہ پاکستانی فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میں نے پاکستان کی فوج کو بہت پروفیشل اور دلیر پایا اور انھوں نے جس دلیری کا مظاہرہ کیا، میں اس سے بہت متاثر ہوا ہوں۔‘
ابھینندن یہ بھی کہتے ہیں کہ ’لڑائی تب ہوتی ہے جب امن نہیں ہوتا، مجھے یہ تو نہیں پتا کہ امن لانے کے لیے کیا کرنا چاہیے لیکن مجھے یہ پتا ہے کہ امن ہونا چاہیے، اور میں نہیں سجھتا کہ ہمیں آپس میں کسی بھی قسم کی لڑائی جاری رکھنا چاہیے۔‘
’میں یہ چاہتا ہوں کہ ہمارے دیسوں کے بیچ امن رہے اور ہم امن سے رہ سکتے ہیں۔