کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی سکواڈ میں شامل

کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی سکواڈ میں شامل

کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی سکواڈ میں شامل دو باکسر انگلینڈ میں غائب

انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں منعقد ہونے والے 22ویں کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لینے والے پاکستانی باکسنگ سکواڈ میں شامل دو باکسرز غائب ہو گئے ہیں۔ان دو باکسرز کے نام سلیمان بلوچ اور نذیر اللہ بتائے گئے ہیں۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عارف حسن نے بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ دو پاکستانی باکسر سکواڈ سے الگ ہو گئے ہیں اور وہ گیمز کے اختتام پر پاکستان واپس نہیں لوٹے۔

عارف حسن نے بتایا کہ کامن ویلتھ گیمز میں شریک پاکستانی دستے کی وطن واپسی سے چند گھنٹے قبل باکسنگ ٹیم کوچ نے ان دونوں باکسرز کے کمرے میں فون میں کیا تاکہ انھیں ناشتے اور پھر واپسی کی تیاری کے لیے کہا جائے۔

’سامان موجود تھا، وہ دونوں غائب تھے‘

عارف حسن نے بتایا کہ ’فون پر کوئی جواب نہ ملنے پر کچھ دیر اُن کا انتظار کیا گیا جس کے بعد انتظامیہ سے کہہ کر اُن کے کمرے کھلوائے گئے تو ان دونوں باکسرز کا سامان وہیں موجود تھا لیکن وہ دونوں غائب تھے۔‘

انھوں نے کہا کہ اس بارے میں کامن ویلتھ گیمز کی انتظامیہ اور برمنگھم میں پاکستانی قونصلیٹ کو فوری طور پر مطلع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں باکسرز کے غائب ہو جانے کی پولیس میں بھی رپورٹ درج کروا دی گئی ہے۔

سید عارف حسن کا مزید کہنا ہے کہ دونوں باکسرز کے پاسپورٹ اور دیگر سفری کاغذات پاکستانی باکسنگ ٹیم کی مینیجمنٹ کے پاس ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دونوں باکسرز نے کہیں جانے کے بارے میں منیجر کو مطلع نہیں کیا تھا۔

اس واقعے پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے۔ برمنگھم اور لندن میں ان دونوں باکسرز کے دوستوں اور رشتے داروں کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں تاکہ یہ پتہ چلایا جا سکے کہ یہ دونوں باکسرز کن کن سے رابطے میں رہے تھے۔

نذیر اللہ اور سلیمان بلوچ کون ہیں؟

انگلینڈ میں غائب ہونے والے دونوں باکسرز قومی مقابلوں میں پاکستان آرمی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

نذیراللہ کراچی کے علاقے لیاری کی موسی لین سے ہیں اور یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔ انھیں انگلینڈ کے باکسر کے خلاف پانچ صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سلیمان بلوچ سرگودھا سے ہیں اور اس سے قبل بھی وہ متعدد غیر ملکی دورے کر چکے ہیں۔ انھیں کامن ویلتھ گیمز میں انڈین باکسر کے خلاف پانچ صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ماضی میں بھی متعدد ایشیائی اور انٹرنیشنل مقابلوں کے موقع پر پاکستانی باکسرز کے غائب ہو جانے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔

سری لنکن کھلاڑی بھی غائب

کامن ویلتھ گیمز

حالیہ کامن ویلتھ گیمز کے موقع پر کھلاڑیوں کے غائب ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اسی طرح قبل انگلینڈ میں آئے سری لنکا کے 160 رکنی دستے کے دس ارکان غائب ہو چکے ہیں جن میں نو کھلاڑی اور ایک آفیشل شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کے غائب ہونے کی رپورٹ سری لنکن حکام نے پولیس میں درج کروا دی تھی۔

بین الاقوامی مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں کے غائب ہونے کے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں۔ عام طور پر بہتر معاشی مستقبل کی خاطر ایسے کھلاڑی اپنے ملک واپس جانا نہیں چاہتے اور ان مقابلوں کا فائدہ اٹھا کر غائب ہو جاتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *