چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جماعت اسلامی اور عوامی

چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جماعت اسلامی اور عوامی

چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کے ووٹ کلیدی حیثیت رکھتے ہیں؟

اکستان کی سیاست میں اس وقت سب سے اہم سوال یہی ہے کہ پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کا نیا چیئرمین کون ہو گا۔ اس وقت نئے چیئرمین کے انتخاب کے حوالے سے جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر ہے۔

تاہم یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ میڈیا اور بالخصوص سوشل میڈیا پر جتنا بھی ہنگامہ برپا ہو، جماعتوں کو سینیٹ انتخابات میں سیاسی بیانیے، اخلاقیات اور اپنے ہی بنائے گئے زریں اصولوں سے بھی بعض دفعہ نظریں چرانی پڑ جاتی ہیں۔

سینیٹ چیئرمین کے لیے دو اتحادوں اور پارٹی پوزیشن پر نظر دوڑانے سے قبل یہ بات ذہن نشین کرنا ضروری ہے کہ ایوان بالا کے ان انتخابات میں ناممکن بھی ممکن ہونے کا امکان موجود رہتا ہے۔ اس کی بڑی مثال تو خود اس وقت چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی اور صادق سنجرانی ہی ہیں، جو اس قدر پیچیدہ انتخابی مقابلے میں اپ سیٹ دینے کے حوالے سے اب ایک الگ پہچان رکھتے ہیں۔

اپوزیشن اراکین کی کم تعداد کے باوجود یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو شکست دے کر سینیٹر بننے میں کامیاب ہوئے اور اب وہ چیئرمین سینیٹ کی دوڑ میں بھی بہتر پوزیشن میں نظر آتے ہیں۔ اس وقت اپوزیشن کو چیئرمین سینیٹ منتخب کروانے کے لیے بظاہر 51 ووٹوں کی اکثریت حاصل ہے مگر یہ ووٹنگ خفیہ رائے شماری سے ہوگی اور اس میں نتائج کا گراف غیر متوقع طور پر بدل بھی جاتا ہے۔

یعنی یوسف رضا گیلانی 51 سے زیادہ بھی ووٹ لے سکتے ہیں اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ خفیہ رائے شماری کے دوران ان ظاہری اکثریت بھی سمٹ جائے۔ ابھی تک یوسف رضا گیلانی کا یہی مؤقف میڈیا پر چلا ہے کہ ’بظاہر اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل نظر آ رہی ہے‘، جس پر کچھ اہم اپوزیشن رہنما خود حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

جب صادق سنجرانی پہلی بار آزاد حیثیت سے بلوچستان سے سینیٹ تک پہنچ گئے جس کے بعد وہ اپوزیشن کی ایک بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت دونوں کی حمایت حاصل کر کے تین سال کے لیے چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے۔

سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود ان پر عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی، جو ناکام ہوئی۔ اپنی تین برس کی مدت پوری کرنے کے بعد وہ اب دوسری مدت کے لیے حکومتی اتحاد کی طرف سے سینیٹ چیئرمین کے امیدوار ہیں۔

اس بار فرق یہ ہے کہ ان کے مد مقابل پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک تجربہ کار سیاستدان میدان میں موجود ہیں، جن کی وزارت عظمیٰ کے دوران حفیظ شیخ کی طرح صادق سنجرانی نے بھی ان کے ماتحت کام کیا۔

صادق سنجرانی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے وزیر داخلہ شیخ رشید کو یہ واضح کرنا پڑا کہ صادق سنجرانی نہ صرف حکومت کے امیدوار ہیں بلکہ وہ ‘ریاست‘ کے بھی امیدوار ہیں تاہم انھوں نے لفظ ’ریاست‘ کی مزید وضاحت نہیں کی۔

اس وقت حکومتی ترجمان یہ دعوے کر رہے ہیں کہ انھیں اکثریت کی حمایت حاصل ہو چکی ہے لیکن ان دعوؤں سے قبل اس وقت سینیٹ میں چھوٹی جماعتوں کی غیر معمولی اہمیت کا جائزہ لیتے ہیں۔

سینیٹ

جماعت اسلامی اور اے این پی کے ووٹوں کی اہمیت کیا ہے؟

اس وقت 100 کے ایوان میں چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے لیے 51 ووٹ درکار ہیں۔ بظاہر نمبرز گیم میں اس وقت حکومتی اتحاد اپوزیشن سے پیچھے ہے مگر اپوزیشن اتحاد کے لیے جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

اپوزیشن کے پاس اس وقت سینیٹ میں 52 ووٹ ہیں جن میں سے 20 سینیٹرز کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ 18 پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین ہیں۔ اس کے علاوہ پانچ سینیٹرز کا تعلق جے یو آئی (ف) سے ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی کے پاس دو، دو جبکہ جماعت اسلامی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور ایک آزاد امیدوار کے پاس ایک، ایک ووٹ موجود ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر شمیم آفریدی آزاد حیثیت سے فاٹا سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ فاٹا کی خصوصی حیثیت ختم ہونے اور اس علاقے کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے کے بعد وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قریب ہو گئے۔

اس بار فاٹا سے کوئی منتخب نہیں ہوا مگر اس علاقے کی خصوصی حیثیت ختم ہونے سے پہلے شمیم آفریدی سمیت چار سینیٹرز قبائلی علاقوں سے سینیٹ میں پہنچے تھے، جو مزید تین سال بھی ایوان بالا کا حصہ رہیں گے۔

بلوچستان سے بی این پی میں شامل ہونے والی نسیمہ احسان کے سینیٹ تک کے سفر میں انھیں بلوچستان عوامی پارٹی کی بھی حمایت حاصل رہی۔

ان کے خاوند احسان شاہ اس وقت پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی بھی ہیں اور ان کے لیے اپوزیشن کے امیدوار کو ووٹ دینا ایک مشکل فیصلہ ہو سکتا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار آج کل لندن میں مقیم ہیں۔ اگر ان کا ووٹ نہ گنا جائے تو اپوزیشن کے پاس کل نشستیں 51 رہ جاتی ہیں۔

ابھی جماعت اسلامی نے اعلان نہیں کیا ہے کہ وہ سینیٹ میں حکومت کا ساتھ دے گی یا اپوزیشن میں رہتے ہوئے اپوزیشن اتحاد کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دے گی۔

اگر جماعت اسلامی ووٹنگ کے عمل سے اجتناب کرے تو اپوزیشن کی تعداد 50 بنتی ہے اور یوں یوسف رضا گیلانی اس وقت تک چیئرمین سینیٹ نہیں بن سکتے جب تک جماعت اسلامی یا حکومتی اتحاد میں سے کوئی انھیں ووٹ نہیں ڈالتا۔

یاد رہے کہ جماعت اسلامی نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں وفاق اور سندھ سے حصہ نہیں لیا۔

اس سے قبل بھی جب اپوزیشن اتحاد نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی تو جماعت اسلامی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان

اگر کوئی امیدوار اکثریت حاصل نہ کر سکا تو؟

صدر مملکت عارف علوی 12 مارچ کے اجلاس کے لیے کسی ایک سینیٹر کو صدر نشین مقرر کریں گے وہ اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔

حروف تہجی کے حساب سے ہر سینیٹر آ کر اپنا ووٹ کاسٹ کرے گا۔ نو منتخب چیئرمین سینیٹ سے صدر نشین حلف لیں گے جس کے بعد نو منتخب چیئرمین سینیٹ ایوان بالا کے اجلاس کی صدارت کریں اور اسی ترتیب سے پھر ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

خیال رہے کہ اگر یوسف رضا گیلانی اور صادق سنجرانی میں سے کوئی بھی 51 ووٹ حاصل نہ کر سکا تو پھر یہ چناؤ از سر نو اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ کوئی امیدوار واضح اکثریت (کم از کم 51 فیصد) حاصل نہ کر لے۔

قومی اسمبلی کے سابق ایڈیشنل سیکریٹری طاہر حنفی نے بی بی سی کو بتایا کہ قواعد، ضابطہ کار اور انصرام کارروائی سینیٹ کے مطابق دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلے کی صورت میں ایک امیدوار کو ایوان کے اراکین کی مجموعی تعداد کی اکثریت یعنی کم از کم 51 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔

اگر کوئی امیدوار بھی مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کر سکے گا تو اس صورت میں بغیر کسی وقفے کے ان کے درمیان اس وقت تک از سر نو خفیہ رائے شماری کرائی جاتی رہے گی جب تک ان دو میں سے ایک دوسرے کے مقابلے میں ذیادہ ووٹ حاصل نہیں کر لیتا۔

طاہر حنفی کا کہنا ہے کہ شاید یہی وجہ ہے کہ نمبر گیم کی پریشان کن صورتحال کو دیکھ کر دونوں امیداوار ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ ان کو زیادہ سے زیادہ اراکین کی حمایت حاصل ہو جائے۔

خیال رہے کہ یوسف رضا گیلانی اور صادق سنجرانی اس وقت ہر ایک پارٹی اور ہر ایک امیدوار سے رابطہ قائم کر کے ان سے حمایت کی درخواست کر رہے ہیں۔

اگرچہ وفاقی وزیر علی زیدی نے یوسف رضا گیلانی پر یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ وہ سینیٹر منتخب ہونے کے لیے ووٹوں کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ مگر اس وقت خود حکومتی امیدوار صادق سنجرانی بھی کوئی ایسا دروازہ نہیں چھوڑ رہے ہیں جہاں وہ دستک نہ دے رہے ہوں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ گجرات کے چوہدریوں کے گھر کا بھی رخ کیا۔ بھٹو خاندان کے کسی فرد کی طرف سے یہ کئی دہائیوں بعد گجرات کے چوہدریوں کو میزبانی کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

اگرچہ ق لیگ کے پاس اس وقت سینیٹ میں ایک ووٹ ہے مگر ان انتخابات میں ایک ایک ووٹ ہی کسی امیداوار کی قسمت کا فیصلہ کرنے میں اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

حکومت اور ریاست کے امیدوار کی کامیابی کے لیے سر توڑ کوششیں اپنی جگہ مگر اب ایک نظر جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کے مؤقف پر کہ وہ اس بار کس کی حمایت یا مخالفت کریں گے اور کن شرائط پر وہ ایسا کریں گے۔

سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق

جماعت اسلامی کا ایک ووٹ کسے جائے گا؟

جماعت اسلامی ایک ووٹ کے ساتھ اس وقت خاصی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ اس تفصیل سے قبل یہ پہیلی بھی سلجھانا اہم ہے کہ آخر جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ ہے یا پھر اس جماعت کا دل اپوزیشن کے ساتھ دھڑکتا ہے؟

جب یہ سوال جماعت اسلامی کے دو سینیئر رہنماؤں سے پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا کہ سینیٹ انتخابات کے تناظر میں یہ تھوڑا مشکل سوال ضرور ہے۔

ان کے مطابق جماعت اسلامی نہ صرف تحریک انصاف کی حکومت کی سخت ناقد ہے بلکہ وہ یہ بھی سمجھتی ہے کہ ملک کو اس نہج تک پہنچانے میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن بھی برابر کی حصہ دار ہیں۔

تاہم ایک رہنما نے یہ بتایا کہ وہ ذاتی طور پر یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی جماعت کو سینیٹ میں ووٹنگ میں ضرور حصہ لینا چائیے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کہنا تھا کہ اس کے باوجود کہ جماعت اسلامی ماضی میں خیبر پختونخوا تحریک انصاف کی اتحادی رہی ہے مگر اس وقت جماعت کی ہمدریاں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ساتھ ہیں اور انھیں امید ہے کہ ان کی پارٹی اس بار اپنے مؤقف میں لچک پیدا کرے گی۔

جب بی بی سی نے جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے خیبر پختونخوا کے سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ سے رابطہ کیا تو انھوں نے بتایا کہ حالیہ سینیٹ انتخابات میں جماعت کی مجلس عاملہ نے فیصلہ کیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ووٹ کاسٹ کیا جائے گا اور وفاق اور سندھ میں ہمارے حصہ لینے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

عنایت اللہ کے مطابق خیبر پختونخوا میں نمبر گیم دیکھ کر فیصلہ کیا گیا تھا۔

ان کے مطابق اگر وہاں ہم ووٹنگ میں حصہ نہ لیتے تو پھر تحریک انصاف کے ایک اور اضافی سینیٹر منتخب ہونے کی راہ بھی ہموار ہو سکتی تھی۔

ان کے مطابق اگر جماعت اسلامی کا اس بار چیئرمین سینیٹ کے لیے ووٹ اہمیت اختیار کر گیا ہے تو اس بدلتی صورتحال کو جماعت کی قیادت ضرور زیر غور لائے گی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ میں عوامی نیشنل پارٹی اور جماعت اسلامی نے سینیٹ انتخاب کے لیے اتحاد کیا تھا۔ دونوں جماعتوں نے ماضی کے انتخابات میں بھی ایک دوسرے کی حمایت کی۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان اے این پی کی حمایت سے ایوان بالا تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ کے مطابق ایک بات بڑی واضح ہے کہ ان کی جماعت کسی صورت حکومتی امیدوار کی حمایت نہیں کرے گی تاہم یوسف رضا گیلانی کی حمایت سے متعلق فیصلہ مرکزی مجلس عاملہ نے کرنا ہے۔۔ یہ ایک ایسا تنظیمی ڈھانچہ ہوتا ہے جو مرکزی شوریٰ کے قائم مقائم ادارے کے طور پر فوری فیصلے کرتی ہے۔

سابق صوبائی وزیر کے مطابق اگر ماضی کی طرح صادق سنجرانی طرز کا انتخاب نہ ہوا تو پھر ان انتخابات میں اپوزیشن کی اکثریت واضح ہے۔

چیئرمین سینیٹ
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان

اے این پی کس کا ساتھ دے گی؟

اے این پی کے زاہد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ اے این پی مکمل طور پر اپوزیشن اتحاد کے ساتھ ہے۔ ان کے مطابق اے این پی نے پی ڈی ایم کے مشاورتی اجلاس میں بھی واضح طور پر کہا ہے کہ وہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن کے امیدواروں کی حمایت کرے گی۔

‘ہم پی ڈی ایم کا حصہ ہیں اور جو فیصلہ پی ڈی ایم نے کرنا ہے، وہ ہمارے قابل قبول ہو گا۔‘

خیال رہے کہ بلوچستان میں عوامی نیشنل پارٹی باپ اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی اتحادی ہے اور اے این پی کے بلوچستان سے نو منتخب سینیٹر عمر فاروق کو حکومتی جماعت باپ کی بھی حمایت حاصل رہی ہے۔

زاہد خان کے مطابق اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ اگر ہم بلوچستان میں حکومت کا حصہ ہیں تو پھر ہم سینیٹ میں بھی حکومتی امیدوار کو ہی ووٹ دیں گے۔

ان کے مطابق اتحاد تو بنتے رہتے ہیں مگر اے این پی اصولی طور پر اپوزیشن کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے اور اگر حکومت کے خلاف لانگ مارچ ہو گا تو اے این پی اس کا بھی حصہ ہو گی۔ واضح رہے کہ اے این پی کا ایک ووٹ بھی ادھر ادھر ہونے کی وجہ سے اپوزیشن کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ اس سے قبل ماضی میں اے این پی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر ستارہ ایاز نے صادق سنجرانی کی حمایت کی تھی۔

تاہم زاہد خان کے مطابق ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اب کوئی پارٹی پالیسی کے خلاف نہیں ووٹ دے گا۔ زاہد خان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ماضی میں اپنے منحرف اراکین کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے سکیں جس کی وجہ سے اپوزیشن کو سینیٹ میں صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ کے عہدے سے ہٹانے کے لیے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز

’حکومت اپنے ہاتھ قانون کے ساتھ باندھے نہیں رکھے گی‘

اگر حکومت اور اس کے اتحادیوں کی پارلیمان کے ایوان بالا میں ووٹوں پر نظر دوڑائی جائے تو اس وقت تحریک انصاف کی سربراہی میں حکومتی اتحاد کو کل 48 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔

ان میں تحریک انصاف کے 26 سینیٹرز ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سینیٹرز کی تعداد 13 بنتی ہے۔ حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے سینیٹرز کی تعداد تین بنتی ہے جبکہ ق لیگ اور جے ڈی اے کے پاس ایک ایک ووٹ ہے۔

حکومت کو قبائلی علاقوں کی صوبائی حکومت میں شمولیت سے قبل فاٹا سے آزاد حیثیت سے منتخب ہو کر آنے والے چار میں سے تین سینیٹرز کی بھی حمایت حاصل ہے۔ خیال رہے کہ یہ سینیٹرز فاٹا کی خصوصی حیثیت ختم ہونے سے قبل منتخب ہوئے تھے اور ان کی مزید تین سال کی مدت ابھی باقی ہے۔

بلوچستان سے تحریک انصاف اور باپ کی حمایت سے آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہونے والے عبدالقادر نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جن پر یہ الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے کہ وہ پیسے کے زور پر سینیٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے تاہم ہو ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

خیر اس وقت حکومتی اتحاد کے پاس عبدالقادر کو ملا کر کل 48 ووٹ بنتے ہیں۔

اگر کوئی ووٹ اِدھر اُدھر نہ ہو اور جماعت اسلامی یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دے تو پھر ان اعدادوشمار کو تو دیکھ کر یہ لگتا ہے کہ 51 ووٹ لے کر یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینٹ منتخب ہو جائیں گے۔ جماعت اسلامی کی طرف سے بائیکاٹ کی صورت میں اگر دیگر ووٹر اپنے اتحاد کے ساتھ وفادار رہتے ہیں تو پھر کوئی امیدوار بھی اکثریت حاصل نہیں کر سکے گا۔ از سر نو انتخاب میں جماعت اسلامی اگر بائیکاٹ ختم کر کے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دے تو پھر وہ چیئرمین سینیٹ کے منصب تک پہنچ جائیں گے۔

وزیر اطلاعات اور حکومت کے ترجمان شبلی فراز نے گذشتہ شب جیو ٹی وی کے شاہ زیب خانزادے کو بتایا تھا کہ ’اپوزیشن ہمیشہ قوانین کی دھجیاں اڑاتی ہے، پیسہ استعمال کرتی ہے اور ہر طریقہ اختیار کرتی ہے۔ اس دفعہ ہم تیار ہیں۔ جو بھی ہوگا، ہم ہر وہ چیز کریں گے جو جیت کے لیے درکار ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بار ’اچھا اچھا‘ یا ’شریف شریف‘ نہیں کھیلیں گے اور قوائد کی ہر شق پر عمل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی پارٹی کے جن لوگوں کو اپنے دستخطوں سے گذشتہ سینیٹ انتخابات سے قبل ٹکٹ جاری کیے تھے انھیں عدالت نے غیرقانونی قرار دیا تھا۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی عدالت نے یہ فیصلہ سنایا تھا کہ چونکہ نواز شریف کو تاحیات نااہلی کا سامنا ہے اس وجہ سے وہ کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کر سکتے جس کے بعد تمام سینیٹرز آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے تھے اگرچہ وہ مسلم لیگ کے ووٹوں سے ہی سینیٹرز منتخب ہوئے۔

اخلاقی اقدار اور سیاسی بیانیے کو ایک طرف رکھ کر اگر دیکھا جائے تو اب اگر یہ سینیٹرز کسی کو بھی ووٹ دیں تو قانونی اعتبار سے ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکتی۔

اس سے قبل ایسے دو سینیٹرز جنھوں نے صادق سنجرانی کی حمایت کی تھی ان کے خلاف ن لیگ کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لا سکی تھی، جن میں سے ایک سینیٹر دلاور حسین بھی ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *