پنڈورا پیپرز میں جنید صفدر کا نام شامل ہونے کا معاملہ

پنڈورا پیپرز میں جنید صفدر کا نام شامل ہونے کا معاملہ

پنڈورا پیپرز میں جنید صفدر کا نام شامل ہونے کا معاملہ سرکاری عہدے داروں کی جانب سے ’فیک نیوز‘، مریم نواز کا شدید رد عمل

عالمی رہنماؤں، سیاستدانوں اور ارب پتی افراد کی خفیہ دولت اور مالی لین دین کی تفصیلات سے متعلق دستاویزات ‘پنڈورا پیپرز’ کے نام سے سامنے آئی ہیں۔

جہاں ان دستاویزات کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے سات سو سے زائد افراد کے نام شامل ہیں، وہیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی معاون برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے دعوی کیے کہ ان پاکستانیوں میں مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کا نام بھی شامل ہے۔

ان دونوں حکومتی اہلکاروں نے نہ صرف ٹوئٹر پر یہ پیغامات شائع کیے بلکہ شہباز گل نے اے آر وائی پر نشر ہونے والے پروگرام میں وثوق سے قومی نشریاتی ادارے پی ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنید صفدر کا نام ان دستاویزات میں شامل ہے، جبکہ فواد چوہدری نے بھی ڈان ٹی وی کے پروگرام میں یہی بات دوہرائی۔

اس کے علاوہ فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ‘علی ڈار جو نواز شریف کے داماد ہیں کے نام آف شور کمپنی کے بعد اب نئ اطلاعات یہ ہیں کہ مریم نوز کے بیٹے جنید صفدر کے نام پر بھی پانچ آف شور کمپنیاں ہیں ، اس خاندان کو کتنا پیسہ چاہئے؟’

فواد چوہدری

دوسری جانب شہباز گل نے اپنی ٹویٹ میں جنید صفدر کی والدہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ’کیا ایسے ہو سکتا ہے کسی چوری وغیرہ کی تحقیق ہو اور مریم باجی پیچھے رہ جائیں ؟ کبھی بھی نہیں’، اور اس کے ساتھ انھوں نے پی ٹی وی کا ایک سکرین شاٹ بھی لگایا جس میں جنید صفدر کے حوالے سے خبر لگی ہوئی تھی۔

یہاں پر یہ واضح کرنا ہوگا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری فیک نیوز کے معاملے میں بہت سرگرم ہیں اور پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا ایک بل پیش کرنے کے خواہشمند ہیں جس سے ان کے مطابق فیک نیوز کا قلع قمع ہو سکے گا۔

تاہم پنڈورا پیپرز کی تحقیق میں شامل دونوں پاکستانی صحافی عمر چیمہ اور فخر درانی نے جیو نیوز پر ایک پروگرام میں اس سوال کے پوچھے جانے پر واضح طور پر کہا کہ ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

ٹوئٹر

رات گئے ٹوئٹر پر ہی ایک اور اکاؤنٹ ‘پنڈورا لیکس’ نے بھی ٹویٹ میں کہا کہ ‘ہماری تحقیق کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی تین شیل کمپنیاں اور دو آف شور کمپنیاں سی شیلز اور ورجن آئی لینڈ میں ہیں۔’

عمر چیمہ نے اس ٹویٹ کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اکاؤنٹ نقلی ہے۔ بعد ازاں جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ یہ اکاؤنٹ ڈیلیٹ ہو چکا ہے لیکن تاحال فواد چوہدری اور شہباز گل کی ٹویٹس بدستور موجود ہیں۔

دوسری جانب مریم نواز نے اپنے بیٹے پر لگائے گئے الزامات پر انتہائی سخت رد عمل دیا۔ انھوں نے اسی خبر کو نشر کرنے والے نجی ادارے اے آر وائی کو مخاطب کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ اگر ’آر وائی نے فوری اس جعلی خبر پر معافی نہیں مانگی تو میں انہیں کورٹ لے کر جاؤں گی۔’

بعد میں جب آے آر وائی نے خبر کی تصیح کرتے ہوئے کہا کہ جنید صفدر والی خبر درست نہیں تو مریم نواز نے بعد میں ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ ‘یہ کافی نہیں ہے۔ اے آر وائی کو بغیر کسی شک و شبہ کے معافی مانگنی ہوگی ۔۔۔ ورنہ وہ یہاں اور برطانیہ میں قانونی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔’

چیمہ

مریم نواز کا کہنا تھا: ‘اب کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔ بہت ہو گیا۔’

صحافی عادل شاہزیب نے بھی جنید صفدر کے حوالے سے چلنے والی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ ‘پنڈورا پیپرز میں جنید صفدر کا نام شامل نہیں لیکن پی ٹی وی کے بقول انکے نام پانچ آف شور کمپنیاں ہیں۔ کیا پی ٹی وی کے پاس پنڈورا کے علاوہ کوئی اور لسٹ ہے؟ اگر نہیں تو سرکاری ٹی وی کو غیر مصدقہ اور فیک خبریں نشر کرنا زیب نہیں دیتا۔’

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *