ٹوئٹر ایلون مسک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ

ٹوئٹر ایلون مسک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ

ٹوئٹر ایلون مسک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ کو خریدنے کی پیشکش

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی ’غیر معمولی صلاحیت‘ کو ’سامنے‘ لانے کے لیے وہ ہی صحیح آدمی ہیں۔

ایک سرپرائز اعلان میں ایلون مسک نے کہا کہ وہ ٹوئٹر کو خریدنے کے لیے فی حصص 54.20 ڈالر ادا کریں گے یعنی انھوں نے کمپنی کی مالیت کا تحمینہ 41 ارب ڈالر لگایا ہے تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کی پیشکش قبول نہیں کی جاتی تو ’میں بحیثیت شیئر ہولڈر اپنی پوزیشن پر نظر ثانی کروں گا۔‘

واضح رہے کہ حال ہی یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایلون مسک ٹوئٹر کے 9 فیصد سے زیادہ شیئرز کے مالک ہیں۔

ایلون مسک نے یہ بھی کہا کہ اگر ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان کی پیشکش کو مسترد کیا تو ’اس پیشکش کو شیئر ہولڈر کے ووٹ پر نہ ڈالنا مکمل طور پر ناقابل دفاع ہو گا۔‘

ایلون مسک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’وہ کمپنی کی ملکیت رکھتے ہیں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی نہیں۔‘

یاد رہے کہ فوربز میگزین کے مطابق ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں، جن کی دولت کی مجموعی مالیت 219 ارب ڈالر ہے۔

امریکی مالیاتی ریگولیٹر کو بتائی گئی تفصیلات کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر بورڈ کو پیغامات بھیجے ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ انھوں نے ٹوئٹر کو نجی کمپنی بنانے کا آئیڈیا پیش کیا۔

ان تفصیلات کے مطابق ایلون مسک نے کہا ہے ان کی پیشکش کی قیمت بہت زیادہ ہے اور شیئر ہولڈرز اسے پسند کریں گے۔

ایلون مسک نے کہا ’یہ کوئی دھمکی نہیں۔ بس جن تبدیلیوں کی ضرورت ہو اس کے بغیر یہ اچھی سرمایہ کاری نہیں۔‘

ٹوئٹر

ٹوئٹر نے ایلون مسک کو اپنے بورڈ کا حصہ بننے کی آفر بھی کی تھی لیکن اتوار کو ٹوئٹر نے اعلان کیا کہ ایلون مسک نے اس سے انکار کر دیا۔

ٹوئٹر نے ایلون مسک کی پیشکش کے حوالے سے کہا ہے کہ اس کا بورڈ ’اس تجویز کا بغور جائزہ لے گا تاکہ اس طریقہ کار کا تعین کیا جائے جو کمپنی اور تمام سٹاک ہولڈرز کے بہترین مفاد میں ہو۔‘

ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کے اپنے اس اعلان کے کچھ ہی دیر بعد ایلون مسک نے یہ بھی کہا کہ انھیں ’یقین نہیں‘ کہ ٹوئٹر کے لیے ان کی بولی کامیاب ہو گی۔

کینیڈا کے شہر وینکوور میں ٹیڈ 2022 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یقین نہیں کہ میں واقعی اسے حاصل کر سکوں گا‘ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ٹوئٹر نے ان کی پیشکش کو مسترد کر دیا تو ان کے پاس پلان بی ہے تاہم انھوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں دیں۔

’اتنی زیادہ دولت ایلون مسک کو خطرناک دشمن بناتی ہے‘

تجزیہ: جیمز کلیٹون، نامہ نگار برائے ٹیکنالوجی

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدنے کی بولی کی تصدیق کے علاوہ ٹوئٹر نے اس معاملے پر عوامی سطح پر کافی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

لیکن اس ’اعلیٰ سطحی‘ اجلاس کی تفصیلات سامنے آئیں ہیں، جہاں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال کے سامنے کئی سوال اٹھائے گئے۔

یہ تفصیلات اس تجویز کے علاوہ کچھ نہیں بتاتی ہیں کہ ٹوئٹر انتظامیہ اس پیشکش کے بارے میں کیا سوچتی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ پراگ اگروال نے کہا ہے کہ وہ تفصیلات کے بارے میں بات نہیں کر سکتے لیکن کمپنی کو ’یرغمال‘ نہیں بنایا جا رہا۔

مجھے بتایا گیا ہے کہ اس میٹنگ کا مقصد کمپنی ملازمین کو اس بارے میں مزید تفصیلات دینا تھا لیکن ایک ورکر نے مجھے بتایا کہ میٹنگ کے بعد وہ لوگ مزید الجھ گئے ہیں۔

’ہمیں کسی قسم کی وضاحت کا احساس نہیں ہوا۔‘

ٹوئٹر بورڈ کو نہ صرف اس پیشکش کی اہمیت کو جانچنا ہو گا بلکہ اسے مسترد کرنے کی صورت میں کپمنی کو ہونے والے نقصان کا بھی اندازہ کرنا لگانا ہو گا۔ ظاہری طور پر ایلون مسک اپنی آفر مسترد ہونے پر پلان بی رکھتے ہیں۔

ٹوئٹر کی مالیت اربوں ڈالر ہو سکتی ہے لیکن ایلون مسک کے سامنے یہ کچھ نہیں جن کی اپنی دولت کی مجموعی مالیت 200 ارب ڈالر سے زیادہ ہے اور اتنی زیادہ دولت انھیں ایک خطرناک دشمن بناتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *