شہزادہ ہیری امریکی کوچنگ فرم ’بیٹر اپ‘ میں چیف امپیکٹ

شہزادہ ہیری امریکی کوچنگ فرم ’بیٹر اپ‘ میں چیف امپیکٹ

شہزادہ ہیری امریکی کوچنگ فرم ’بیٹر اپ‘ میں چیف امپیکٹ آفیسر کا عہدہ سنبھالیں گے

برطانوی شاہی خاندان کے رکن ڈیوک آف سسیکس، شہزادہ ہیری امریکی کوچنگ اور ذہنی صحت پر کام کرنے والی کمپنی ‘بیٹر اپ’ میں چیف اپمیکٹ آفیسر کے عہدے پر کام کریں گے۔

شہزادہ ہیری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بارے میں ’بہت خوش ہیں۔‘ ان کے کام کی نوعیت، اوقات کار اور اس کے عوض انھیں ملنے والا معاوضہ ابھی واضح نہیں ہے۔

گذشتہ برس مارچ میں ان کے اور ان کی اہلیہ ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل کی بطور شاہی خاندان کے سینئر ارکان کے عہدے سے دستبرداری کے بعد یہ ان کا نوکری کے حوالے سے تازہ ترین اقدام ہے۔

شہزادہ ہیری کا نوکری سے متعلق یہ بیان اس ماہ کے شروع میں اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے ہمراہ اوپرا ونفری کو ایک تہلکہ خیز انٹرویو دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔

اس انٹرویو میں جوڑے نے نام لیے بغیر الزام لگایا تھا کہ شاہی خاندان کے ایک رکن نے ان کے بیٹے آرچی کی پیدائش سے قبل اس کے بارے میں پوچھا تھا کہ اس کی رنگت کتنی سیاہ ہو سکتی ہے۔

شاہی محل نے کہا ہے کہ یہ دعوی ‘تشویشناک’ ہے، تاہم اس کو نجی طور پر حل کیا جائے گا۔ اس ہفتے کے شروع میں بکنگھم پیلس نے کہا تھا کہ تمام شاہی گھرانوں میں تنوع کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں شہزادہ ہیری کا کہنا ہے کہ اس نئے عہدے میں ان کا مقصد ’ذہنی صحت سے متعلق ضروری بحث کو اجاگر کرنا، مددگار اور ہمدرد کمیونیٹی کا قیام اور ایماندار اور حساس موضوعات پر مباحثے کے لیے ماحول کو فروغ دینا‘ ہے۔

امریکی کمپنی بیٹر اپ کے سی ای او الیکسی روبیچاکس نے وال سٹریٹ جرنل (ڈبلیو ایس جے) کو بتایا کہ شہزادہ ہیری ملازمین کا انتظام نہیں سنبھالیں گے یا لوگ براہ راست ان کو رپورٹ نہیں کریں گے، لیکن جب حالات اجازت دیں گے تو وہ کمپنی کے سان فرانسسکو ہیڈکوارٹر میں کچھ وقت گزاریں گے۔

شہزادہ ہیری

وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، توقع ہے کہ شہزادہ ہیری کمپنی کے پہلے چیف امپیکٹ آفیسر کے طور پر پراڈکٹ سٹریٹجی کے متعلق فیصلہ سازی اور رفاہی معاملات پر اپنی رائے دینے کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت سے متعلق موضوعات کی حمایت پر عوامی سطح پر بات کریں گے۔

شہزادہ ہیری کا کہنا ہے کہ جب وہ پہلی مرتبہ مسٹر روبیچاکس سے ملے تو دونوں نے ایک دوسرے میں ’دوسروں کو ان کی پوری صلاحیت کا احساس دلانے میں مدد کرنے کے مشترکہ جذبے کو پہچان لیا تھا۔‘

وال سٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ ’کارپوریٹ اداروں میں چیف امپکیٹ آفیسر کی آسامیاں قدرے کم ہیں جبکہ ایسی پوزیشن ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی غیر منافع بخش تنظیموں میں دیکھی جاتی ہے۔‘

امریکی کمپنی بیٹر اپ سنہ 2013 میں قائم کی گئی تھی، یہ کمپنی پیشہ وارانہ کوچنگ، کونسلنگ اور رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

اس کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس تقریباً دو ہزار کوچز ہیں جو 49 زبانوں میں دنیا کے 66 ممالک میں خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

شہزادہ ہیری نے اس سے قبل انوِکیٹس گیمز جیسے پروگرام کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد مسلح افواج کے ارکان کو کھیل کو نفسیاتی اور جسمانی صحت کی بحالی کے لیے استعمال کرنا ہے۔

انھوں نے ذہنی صحت کے معاملات پر عوامی سطح پر بات کی ہے۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن جنوری میں معاشی طور پر آزاد ہونے کے لیے کام کرنے اور شاہی خاندان کے سنیئر رکن کی حیثیت سے دستبرداری کی تصدیق کرنے کے بعد اب امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مقیم ہیں۔

انھوں نے گذشتہ برس اعلان کیا تھا کہ انھوں نے آن لائن سٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ مختلف پروگرام بنائیں گے جن میں سے کچھ میں وہ خود بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے میوزک سٹریمنگ سروس سپاٹیفائی کے ساتھ میں معاہدہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *