سینیٹ الیکشن اسلام آباد کی سیٹ پر تحریک انصاف کے لیے

سینیٹ الیکشن اسلام آباد کی سیٹ پر تحریک انصاف کے لیے

سینیٹ الیکشن اسلام آباد کی سیٹ پر تحریک انصاف کے لیے بڑا اپ سیٹ، یوسف رضا گیلانی کامیاب

پاکستان کی پارلیمان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کی 37 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل ختم ہوچکا ہے اور غیر حتمی نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی وفاقی دارالحکومت کی جنرل سیٹ پر کامیاب ہوگئے ہیں۔ حکمراں جماعت کے لیے یہ بڑا اپ سیٹ ہے کیونکہ ان کے امیدوار اور موجودہ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی شکست ہوئی ہے۔

حفیظ شیخ کے مقابلے میں یوسف رضا گیلانی کو متحدہ اپوزیشن پی ڈی ایم کی حمایت حاصل تھی۔ یوسف رضا گیلانی کو 169 ووٹ جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے۔ قومی اسمبلی میں 340 ووٹ کاسٹ کیے گئے اور اس دوران سات ووٹ ریجیکٹ ہوئے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل نے حکومتی موقف دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ‘غیر حتمی طور پر سات ووٹ ریجیکٹ ہوئے ہیں۔ پانچ ووٹ کا فرق ہے۔ ابھی اس نتیجہ کو چیلنج کریں گے۔’

‘ایک بار پھر الیکشن میں ووٹ فروخت ہوا-وڈیو کے آنے کے بعد یہ کلئیر ہو گیا تھا کہ گیلانی ٹبر ووٹ خرید رہا تھا۔ اگلی باری الیکشن کی بجائے ضمیروں کی نیلامی کروا لیا کریں۔’

گیلانی کی جیت پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ ’جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ جیئے بھٹو!‘

مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا۔۔۔ اب (عمران خان کے پاس) وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں۔‘

یاد رہے کہ سینیٹ کے انتخابات سے قبل اس سیٹ پر کڑے مقابلے کی امید کی جا رہی تھی۔ حکومتی رہنماؤں نے بڑے اعتماد سے دہرایا تھا کہ انھیں فتح کے لیے ووٹوں کی اکثریت حاصل ہے۔ تاہم یہ صحیح ثابت نہ ہوسکا۔

اس سے قبل جب عددی اکثریت پر نظر دوڑائی گئی تھی تو بظاہر حکومت اور ان کے اتحادیوں کو 185 ارکان کی حمایت حاصل تھی جبکہ اپوزیشن کے پاس 160 ارکان تھے۔ ڈسکہ میں دھاندلی کے الزامات کے بعد از سر نو انتخابات کی وجہ سے اس وقت قومی اسمبلی میں ارکان کی تعداد 341 ہے۔

دیگر سیٹوں پر نتائج

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں خواتین کی سیٹ پر تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ ارشد 174 کے ساتھ کامیاب رہی ہیں۔

ان کے مدمقابل اپوزیشن کی امیدوار فرزانہ کوثر کو 161 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس دوران پانچ ووٹ ریجیکٹ بھی ہوئے اور کل ووٹ 340 کاسٹ کیے گئے تھے۔

پنجاب سے 11 سینیٹرز پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ دیگر تین صوبوں میں پولنگ کے بعد اب نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

گیلانی ویڈیو سکینڈل

گذشتہ روز یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو نجی ٹی وی چینل اے آر وائی پر نشر ہوئی، جس میں انھیں حکمراں جماعت کے ارکان سے ووٹ ڈالنے کے طریقے پر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

علی حیدر گیلانی نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ یہ ویڈیو ان کی ہی ہے تاہم ان کے مطابق ان سے تحریک انصاف کے پارلیمنٹیرینز نے خود رابطہ کیا تھا اور یہ بتایا تھا کہ ان پر پارٹی مرضی کے خلاف ووٹ ڈالنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تو پھر ایسی صو رت میں وہ کیا کریں گے؟ ان کے مطابق انھوں نے ان حکومتی ارکان کو ایسی صورت میں ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتایا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ میں ویڈیو میں وہ ووٹ مانگ رہے تھے۔ ان کے مطابق وہ ایک امیدوار کے بیٹے ہیں اور ووٹ مانگنا ان کا حق ہے۔

حکومت نے الیکشن کمیشن سے اس ویڈیو پر کارروائی کا مطالبہ کیا اور یوسف رضا گیلانی کو نااہل کرنے سے متعلق کمیشن کو درخواست بھی دے دی۔

الیکشن کمیشن نے اس ویڈیو پر نوٹس لے کر تحقیقات کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

تاہم یوسف رضا گیلانی نے ویڈیو کو پلانٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم تو پہلے ہی جیتے ہوئے ہیں۔ جس مقصد کے لیے آئے تھے وہ پورا کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق ویڈیوز کا اثر اس وقت ہوتا جب ہمارے ایم این ایز ان کے ساتھ نظر آتے۔ سابق وزیر اعظم کے مطابق حفیظ شیخ کو ووٹ نہیں ملیں گے۔ ان کے مطابق کل کی ویڈیو پلانٹڈ ہیں، اگر ہوتا تو باقی ایم این ایز بھی نظر آتے۔‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *