جب ادارے اور اس کے سربراہ پر الزامات لگائے جائیں گے

جب ادارے اور اس کے سربراہ پر الزامات لگائے جائیں گے

جب ادارے اور اس کے سربراہ پر الزامات لگائے جائیں گے تو ردعمل آنا فطری ہے خواجہ آصف

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کینیڈین رکنِ پارلیمان ٹام کمچ کی جانب سے حال ہی دیے گئے ایک بیان پر کینیڈا کی حکومت کو نوٹس لینا چاہیے تھا مگر ایسا نہیں ہو سکا اور اب اس تنقید کا جواب دینا پاکستان پر لازم ہے۔

پیر کے روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’جب ہمارے ایک ادارے (فوج) اور ادارے کے سربراہ کو جب (حکومت کی تبدیلی کے) معاملے میں ملوث کیا جائے گا تو اس کا فطری ردعمل آئے گا۔‘

یاد رہے کہ کینیڈا کی پارلیمان سے 17 جون کو ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں رکنِ پارلیمان ٹام کمچ کینیڈا کے وزیرِ دفاع سے سنہ 2020 میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل باجوہ کے منسوخ ہونے والے دورہ کینیڈا سے متعلق سوال کر رہے تھے۔

اس سوال کے دوران ٹام کمچ مختلف نوعیت کے الزامات بھی عائد کرتے دکھائی دیتے ہیں جس میں ایک الزام یہ تھا کہ جنرل باجوہ پاکستان میں دو جمہوری حکومتوں کو الٹ چکے ہیں۔

ٹام کمچ اس ویڈیو میں کہتے ہیں کہ ’کینیڈا کی وزارتِ دفاع کی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ 2020 میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا مجوزہ دورہ کینیڈا، عوام کے ٹیکس کے 50 ہزار ڈالر سے منظور کیا گیا تھا، لیکن اس دورے کو کووڈ 19 کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کینیڈا کے ایک اسسٹنٹ نائب وزیر نے اس دورے کو مناسب قرار دیا تھا۔ کیا وزیرِ دفاع بھی اس رائے سے اتفاق کرتے ہیں کہ جنرل باجوہ کے دورے پر 50 ہزار ڈالر صرف کرنا مناسب ہے؟‘

کمچ
ٹام کمچ (بائیں)

اس کے جواب میں پارلیمانی سیکریٹری قومی دفاع برائن مے نے کہا کہ ’میں اپوزیشن رکن (ٹام کمچ) کی بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ یہ صورتحال غیر مناسب ہے۔ میں اس حوالے سے موجودہ صورتحال سے آگاہ نہیں ہوں۔ میں مزید تفصیلات حاصل کرنے کے بعد رکن کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہوں۔‘

کینیڈین رکن پارلیمان کی اس تقریر کے ردعمل میں 24 جون کو پاکستانی وزارتِ خارجہ نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کو وزارتِ خارجہ طلب کر کے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بی بی سی کی نامہ نگار فرحت جاوید کو تصدیق کی تھی کہ پاکستان نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کو طلب کر کے انھیں اس ضمن میں احتجاجی مراسلہ دیا ہے۔

پیر کے روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ حکومت (پاکستان تحریک انصاف) آئینی طریقے سے ختم ہوئی اور اس آئینی اقدام کی توثیق پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ نے بھی کی تھی۔

آصف

انھوں نے کہا کہ ’میرے دل میں کینیڈا کی حکومت کا بڑا احترام ہیں، کیونکہ کینیڈا کے وزیر اعظم مسلمانوں کے لیے نہایت نیک جذبات رکھتے ہیں اور کینیڈا کی قوم بھی مگر ان کی ایک پارلیمان کا ایک ممبر جب اٹھ کر ہمارے ایک ادارے پر اٹیک کرتا ہے، پاکستان کی ریاست پر اٹیک کرتا ہے، میرا خیال ہے کہ ہمارا جواب دینا لازم ہے۔‘

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی حکومت کو پارلیمان کے ممبر کی جانب سے کی گئی تنقید کا نوٹس لینا چاہیے تھا۔

انھوں نے کہا کہ کینیڈا کی پارلیمان میں ایک ممبر نے یہ مسئلہ اٹھایا اور اس کی ایک وجہ اسلاموفوبیا بھی ہے، جو مغربی ممالک میں ایک رواج کے طور پر رائج ہو چکا ہے۔

اپنے خطاب میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی تقسیم در تقسیم کر دیا ہے اور آرمی چیف پر کینیڈین رکن پارلیمان کی وجہ بھی عمران خان ہی ہیں۔

یاد رہے کہ رکنِ پارلیمان ٹام کمچ اس سے قبل بھی پاکستان کے حوالے سے کئی بیانات دے چکے ہیں اور سنہ 2018 میں پارلیمانی کارروائی کے دوران انھوں نے پاکستان میں مبینہ ’انسانی حقوق کی پامالیوں‘ کے خلاف قرار داد بھی پیش کی تھی۔

انھوں نے ہاؤس آف کامنز میں کہا تھا کہ پاکستان کی حکومت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ اقلیتوں کی حقوق کی حفاظت کریں اور امتیازی سلوک کے قوانین کو ختم کریں اور پاکستان کو ملنے والی کینیڈین امداد کو انسان حقوق کو یقینی بنانے سے مشروط کریں۔

اگست سنہ 2020 میں انھیں ایک ایسے ویبینار میں بھی مدعو کیا گیا تھا جس کا عنوان ’جبری گمشدگیوں کے متاثرین کا عالمی دن‘ تھا اور یہ ’سندھی فاؤنڈیشن‘ نے منعقد کروایا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *