بم سائیکلون کرسمس کے موقع پر امریکہ

بم سائیکلون کرسمس کے موقع پر امریکہ

بم سائیکلون کرسمس کے موقع پر امریکہ اور کینیڈا میں لاکھوں گھروں کی بجلی معطل

امریکہ اور کینیڈا میں 10 لاکھ سے زیادہ افراد کرسمس کا دن بجلی کے بغیر گزارنے پر مجبور ہیں کیونکہ ایک شدید برفانی طوفان کی وجہ سے براعظم شمالی امریکہ میں نظامِ زندگی درہم برہم ہے۔

اس برفانی طوفان کو ’بم سائیکلون‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔ فضا کا دباؤ انتہائی کم ہو جانے کی وجہ سے ایسا طوفان بنتا ہے جسے ’بم سائیکلون‘ کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے شمالی امریکہ برف، تیز ہواؤں اور جما دینے والے درجہ حرارت کی لپیٹ میں ہے۔

اس طوفان سے تقریباً 25 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کینیڈا کے مشرقی صوبے کیوبک سے لے کر امریکہ کی جنوبی ریاست ٹیکساس تک تقریباً 3200 کلومیٹر کے رقبے میں کم از کم 19 اموات ہوئی ہیں۔

کرسمس کے تہوار کے موقع پر ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

امریکہ کی مغربی ریاست مونٹینا ٹھنڈ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے جہاں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔

اس کے علاوہ ریاست منیسوٹا، آئیوا، وسکونسن اور مشیگن میں بھی بے انتہا برف باری ہوئی ہے۔ امریکہ کے محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست نیو یارک کے شہر بفیلو میں حدِ نگاہ ’صفر میل‘ ہے۔

برفانی طوفان

چند منٹوں میں فراسٹ بائٹ کا خدشہ

ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ اس قدر سرد موسم میں باہر نکلنے پر صرف پانچ سے 10 منٹ کے اندر اندر فراسٹ بائٹ ہو سکتی ہے، یعنی جسم کی جِلد اور ٹشو جم سکتے ہیں۔ اس حالت میں سب سے زیادہ ناک اور ہاتھ پیر کی انگلیاں متاثر ہوتی ہیں۔

دراصل فراسٹ بائٹ جسم کا شدید سردی کے خلاف ایک قدرتی ردعمل ہے۔ اس کے شکار افراد میں جسم کے سب سے آخری حصوں تک خون کی روانی انتہائی کم ہو جاتی ہے۔ اس کی علامات میں ٹھنڈ سے سوجن اور درد شامل ہیں۔ انتہائی درجے کے کیسز میں ٹشو ضائع ہو جاتی ہیں اور سرجری کی مدد سے انھیں جسم سے ہٹانا پڑتا ہے۔

اگر کوئی فراسٹ بائٹ سے متاثر ہوتا ہے تو اسے فوراً گرم ماحول میں لے جا کر طبی ماہرین سے رجوع کرنا چاہیے۔

ماہرینِ موسمیات نے سردی کے اس طوفان کو ’بم سائیکلون‘ کا نام دیا ہے، یعنی یہ طوفان کی دھماکے کی طرح ہے جس کی شدت مسلسل بڑھتی رہتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہوا کا دباؤ کم از کم 24 ملی بارز تک گِرا ہے۔

برفانی طوفان

بحرالکاہل کے ساتھ لگنے والی شمال مغربی امریکی ریاستوں میں کچھ لوگ منجمد سڑکوں پر آئس سکیٹنگ کرتے نظر آئے۔ اس کے علاوہ شمال مشرقی خطے نیو انگلینڈ میں ساحلوں سے پانی باہر امڈ آیا ہے جس کے باعث لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

فلوریڈا اور جارجیا جیسی ریاستیں جہاں عام طور پر موسم معتدل رہتا ہے، وہاں بھی ماہرین جما دینے والی ٹھنڈ سے خبردار کر رہے ہیں۔ سخت ٹھنڈ سے بچا رہنے والا واحد خطہ ریاست کیلیفورنیا ہے جہاں پہاڑی سلسلے اس ’سنہری ریاست‘ کو بچائے رکھے ہوئے ہیں۔

کینیڈا میں اونٹاریو اور کیوبک صوبے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ برٹش کولمبیا سے لے کر نیوفاؤنڈلینڈ تک ملک کا بیشتر حصہ اس وقت برفانی طوفان کی زد میں ہے۔

برفانی طوفان کے باعث کئی حادثات بھی ہوئے ہیں۔ ریاست اوہائیو میں 50 گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جن میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ چار افراد اسی ریاست میں دیگر واقعات میں ہلاک ہوئے۔

ملک بھر میں برف ہٹانے والی مشینوں کی کمی کی وجہ سے سفری مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ کم اجرتیں اس کی ایک وجہ ہیں۔

نیشنل ویدر سروس کے مطابق اگلے چند دنوں میں یومیہ سردی کے 100 سے زیادہ ریکارڈ یا برابر ہو سکتے ہیں یا ٹوٹ سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *