بالی وڈ ڈائری لاک ڈاؤن میں سنی لیونی کی ویگن

بالی وڈ ڈائری لاک ڈاؤن میں سنی لیونی کی ویگن

بالی وڈ ڈائری لاک ڈاؤن میں سنی لیونی کی ویگن کھانوں کی تقسیم، عید پر ریلیز ہونے والے سلمان خان کی فلم کا اب کیا ہو گا؟

کہا جاتا ہے کہ سلمان خان کا یہ ڈائیلاگ ’جب ایک بار کمٹمنٹ کر لیتا ہوں تو پھر میں اپنے آپ کی بھی نہیں سُنتا‘ اُن کی شخصیت کے عین مطابق ہے۔ دبنگ خان اپنے وعدے کے مطابق اس عید پر بھی اپنی نئی فلم ’رادھے‘ لوگوں کے لیے بطور عیدی لے کر آ رہے ہیں۔

تاہم عید کے ساتھ انڈیا میں کورونا کی دوسری شدید لہر بھی آ گئی ہے اور ایسے میں سلمان نے اپنی اس فلم کی ریلیز کے لیے ہائبرڈ ریلیز ماڈل اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، جو انڈین فلم انڈسٹری کے لیے ایک نیا تجربہ ہو گا۔

یہ فلم 13 مئی کو سنیما گھروں کے ساتھ ساتھ زی فائیو کے پلیٹ فارم زی پلیکس پر دکھائی جائے گی۔ فلمی تجارتی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ اقدام انڈین سنیما کے کاروبار کے لیے ایک ’گیم چینجر‘ ثابت ہو گا۔

ان کے مطابق اس سے زیادہ تر فلم ڈسٹری بیوٹرز متاثر ہوں گے جو پہلے ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے نقصان اٹھا رہے ہیں اور ’رادھے: یو آر موسٹ وانٹیڈ بھائی‘ جیسی کسی بڑی فلم کی ریلیز کے منتظر تھے جو ان کے ڈوبتے کاروبار کے لیے آکسیجن کا کام کرتی اور وبا کے اس دور میں کچھ مدد ملتی۔

فلم پروڈیوسر اور تجارتی تجزیہ کار گریش جوہر کا خیال ہے کہ ایک ہی وقت پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم اور سینما گھروں میں رادھے کی ریلیز نہ صرف ڈسٹری بیوٹرز بلکہ پروڈیوسرز کو بھی متاثر کرے گی۔

ڈسٹری بیوٹرز سلمان خان کی اس فلم کا شدت سے اس امید پر انتظار کر رہے تھے کہ اتنے بڑے سٹار کی فلم ان کے ڈوبتے کاروبار کو سہارا دے گی۔

تاہم ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر فلم کے پروڈیوسر کے نکتہ نظر سے دیکھا جائے تو ایسے حالات میں انھیں اس طرح کے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے کیونکہ یہ غیر معمولی صورتحال ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ جب معاملات قدرے بہتر ہو جائیں تو کیا یہ رجحان آگے بڑھے گا یا سنیما ہالز کے باہر ایک بار پھر ہاؤس فل کے بورڈ نظر آئیں گے۔

ادھر فلم رادھے کی ٹیم نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ اس فلم سے ہونے والی آمدنی میں سے بڑا حصہ کووڈ 19 سے لڑنے کی کوششوں میں لگایا جائے گا اور فلم کی ٹیم کچھ تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

سنی
سنی کا کہنا ہے کہ ویگن کھانے سے امراض قلب اور ذیابیطس جیسی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے

اداکارہ سنی لیونی بھی اس امدادی کام میں آگے آگے ہیں انھوں نے جانوروں کی بہبود سے متعلق تنظیم پی ای ٹی اے کے ساتھ مل کر لاک ڈاؤن کے دوران دلی میں بے روزگار ہونے والے دس ہزار مزدوروں کے لیے پروٹین سے بھرپور وِیگن کھانے کا بندوبست کیا ہے۔

سنی کا کہنا ہے کہ ویگن کھانے سے امراض قلب اور ذیابیطس جیسی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے اور ایسا کھانا کووڈ سے لڑنے میں بھی مدد کرے گا۔

ساتھ ہی اداکار سونو سود تو ہیں ہی جو پچھلے سال کے پہلے لاک ڈاؤن میں بھٹکتے مزدوروں کو ان کے گھر پہنچانے کی مہم میں لوگو ں کے دلوں پر چھا گئے تھے اب سونو لوگوں کو آکسیجن کے ساتھ ساتھ ان کے علاج میں ہر ممکن مدد کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اور کئی مریضوں کو بچانے کے لیے ہیلی کاپٹر کے استعمال سے بھی پیچھے نہیں ہٹے۔

بالی ووڈ میں جہاں کچھ بڑی شخصیات خود کووڈ کا شکار ہوئی ہیں تو کچھ اس مصیبت کے وقت میں لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔

سونو سود
سونو سود لوگوں کو آکسیجن کے ساتھ ساتھ ان کے علاج میں ہر ممکن مدد کی کوششوں میں مصروف ہیں

بیمار ہونے والوں میں دپیکا پادوکون بھی شامل ہیں۔ دپیکا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ ان کے والدین اور ان کی بہن پہلے ہی کورونا مثبت ہو چکے ہیں اور ان کے والد پرکاش پادوکون ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

لیکن انڈسٹری کے پوسٹر بوائے کہے جانے والے اکشے کمار کو ضرورت مندوں کے لیے آکسیجن سپلائی میں مدد کی اپیل کی پوسٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا ہوا جس کا جواب حسبِ معمول ان کی بیگم ٹوئنکل کھنہ نے دیا۔

ٹوئٹر پر ایک یوزر نے ٹوئنکل کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ‘آپ کے شوہر ملک کے بڑے فنکار ہیں تو دوسروں سے عطیہ مانگنے کے بجائے وہ خود اپنا دل بڑا کیوں نہیں کرتے، یہ وقت مدد مانگنے کا نہیں مدد کرنے کا ہے۔‘

جواب میں ٹوئنکل نے لکھا ’ایسے وقت میں لوگوں کو نیچا دکھانے کے بجائے اپنی توانائی لوگوں کی مدد کرنے میں لگائیں۔‘ ساتھ ہی انھوں نے بطور رسید اپنے شوہر کے کارنامے کو بھی بتانے کی کوشش کی کہ ان کے شوہر نے بھی لوگوں کے لیے آکسیجن مہیا کرانے میں مدد کی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *